سپریم کورٹ ‘خورشید شاہ کے اہلخا نہ کی ضمانت منسوخی کیلئے نیب اپیلیں خارج


اسلام آباد(صباح نیوز)سپریم کورٹ سے پی پی رہنما خورشید شاہ کے اہلخانہ کوبھی بڑا ریلیف مل گیا، عدالت نے کیس کے تمام شریک ملزمان کی ضمانت منسوخی کیلئے دائرنیب اپیلیں خارج کردیں۔

صوبائی وزیرسندھ اویس قادرشاہ کی بھی ضمانت برقراررکھی گئی ہے۔ چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیئے کہ مرکزی ملزم ضمانت پر ہے توشریک ملزمان کو جیل کیسے بھیج سکتے ہیں، ٹھوس شواہد کے بغیرکسی پربھی کیس بنانا درست نہیں۔

آج چیف جسٹس عمرعطا بندیال کی سربراہی میں جسٹس منصورعلی شاہ اورجسٹس عائشہ ملک پر مشتمل تین رکنی بنچ نے نیب اپیلوں پر سماعت کی، چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ شریک ملزمان میں خورشید شاہ کی بیگمات، بچے اور رشتہ دار شامل ہیں، جن کی گرفتاری کی ضرورت نہیں۔

جسٹس منصورعلی شاہ نے کہاکہ خورشید شاہ کوضمانت ناقص شواہد ہونے پرملی ہے، نیب پراسیکیوٹرنے بتایاکہ ٹھیکیدارعبدالرزاق نے خورشید شاہ کو25 لاکھ کمیشن ادا کیا۔ ٹھیکیدارتفتیش میں رقم دینے کی کوئی ٹھوس وجہ نہیں بتا سکا۔

جسٹس عائشہ ملک نے کہا کہ کس ٹھیکے کے عوض خورشید شاہ کو25لاکھ کمیشن ملا تھا؟ ایک چیک کورشوت یا کمیشن کس بنیاد پرکہا گیا ہے؟

چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیئے کہ ممکن ہے ٹھیکیدارنے خورشید شاہ کونذرانہ دیا ہو۔ نیب تحقیقات میں محنت کرے اور ٹرائل کورٹ میں اپنا کیس ثابت کرے۔