مودی کے ظالمانہ اقدامات پوری دنیاکے امن کیلئے خطرہ ہیں،عبد الرشید ترابی


اسلام آباد(صباح نیوز)سابق چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی عبدالرشید ترابی نے کہاہے کہ مودی کے ظالمانہ اقدامات پوری دنیاکے امن کیلئے خطرہ ہیں۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے پاکستان یونین آف جرنلسٹ دستور کے زیر اہتمام سعود ساحر کی پہلی برسی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر اعجاز الحق،نواز رضا ،شکیل انجم ،انوار رضا ،خاور نواز راجا،عثمان عتیق،میاں منیر،عابد عباسی،علی شیر،اکرم عابد،کرنل فاروق سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا۔

اس موقع پرگفتگوکرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہاکہ نریندرمودی کے ظالمانہ اقدامات اور کھلے بندوں دھمکیاں پوری دنیاکے امن کے لیے خطرہ ہیں،نریندرمودی نے جموں میں دیوالی کے نام پر پروگرامات میں جن خطرناک عزائم کا کھل کر اظہار کیاہے حکومت پاکستان ان کے تدارک کے لیے اقدامات کرے،ہندوستانی قابض افواج جموں میں جعلی مقابلے کے نام پر بڑا آپریشن کررہی ہے پورے پورے گاؤں کا گھیراؤ کر تشدد کیا جارہاہے،نوجوانوں کو لاپتہ کیا جارہاہے،6نومبر سے بڑا سانحہ رونماہوسکتاہے،عالمی اسلامی برادری ہندوستان کے ظالمانہ اقدامات اور قتل عام کا نوٹس لے،مودی پوری دنیا کے امن کو چیلنج کررہاہے۔

انہوں نے کہا کہ سعود ساحر نے فسطائی نظام کے خلاف حقائق سامنے لانے کے لیے قلم سے جہاد کیا،تحریک آزادی کشمیرکے آغاز کے دورمیں سعود ساحر کا شمار ان چند صحافیوں میں ہوتاہے جنہوںنے بھرپور کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ آزاد خطے کو صوبہ بنانے کی باتیں پہلے بھی چلی ہیں بھٹو صاحب نے مظفرآباد میں کہاتھا کہ کشمیری کب تلک پہاڑوں کے درمیان لٹکتے رہیںگے ،اس وقت بھی ہم نے مخالفت کی اور اس کو ناکام بنایا،کشمیری پاکستان کی سلامتی استحکام اور بقا کی جنگ لڑرہے ہیں،اس طرح کے اقدامات سے تحریک کو نقصان پہنچے گا

عبدالرشید ترابی نے مزید کہا کہ کشمیر پورے کا پورا آزاد ہوکر پاکستان بنے گا اور پاکستان ایک مستحکم مملکت بنے گی اس وقت بھی صحافیوں نے ساتھ دیا اور آج بھی تقاضاہے کہ صحافی اپنا کردار ادا کریں،پاکستان کے اندر عوام کو بیدار کریں اور حقائق سے آگاہ رکھیں،پوری قوم یک زبان اور یک جان ہوکر کشمیرکی آزادی کے لیے کردار ادا کرے،پاکستانی قوم نے ہمیشہ ساتھ دیا اور دے رہی ہے البتہ حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کے نتیجے میں کشمیریوں کی آزادی جدوجہد طویل ہوئی ۔