اسلام آباد(صباح نیوز) چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) سینیٹر روبینہ خالد نے ایم ڈی بیت المال سینیٹر کیپٹن (ر) شاہین خالد بٹ سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے سینیٹر کیپٹن شاہین خالد بٹ کو بیت المال کے نئے ایم ڈی کے طور پر عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ ملاقات میں بی آئی ایس پی اور پاکستان بیت المال کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے اور مستحق افراد کی فلاح و بہبود کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ مستحق افراد کو عالمی سطح پر روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لئے بینظیر ہنر مند پروگرام کا آغاز کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں سکلڈ لیبر کی بڑھتی ہوئی مانگ کے پیش نظر منظور شدہ سرٹیفیکیشنز ضروری ہیں تاکہ یہ افراد عالمی سطح پر روزگار حاصل کرسکیں۔سینیٹر روبینہ خالد نے مستحق افراد کو غربت سے باہر نکلنے اور معاشی خود مختاری کے حصول کیلئے سکل ٹریننگ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس کے ذریعے ضرورت مند افراد نہ صرف اپنے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرسکتے ہیں بلکہ ملکی معیشت میں بھی اپنا حصہ ڈال سکتے ہیں۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے این ایس ای آر ڈیٹا شیئرنگ کے اہمیت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ سینیٹر روبینہ خالد نے اس بات پر زور دیا کہ بی آئی ایس پی اور پاکستان بیت المال کے درمیان ڈیٹا شیئرنگ کے ذریعے مستحق افراد کے بارے میں بہتر معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں جو کہ آئندہ تعاون اور منصوبوں کی کامیابی کے لئے بہت ضروری ہے۔ایم ڈی بیت المال سینیٹر کیپٹن شاہین خالد بٹ نے سینیٹر روبینہ خالد کو یقین دہانی کرائی کہ پاکستان بیت المال پسماندہ طبقات کی سماجی و معاشی بہتری کے لیے بی آئی ایس پی کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لئے تیار ہے اور مستقبل میں اس تعاون کو مزید مستحکم کرنے کی ہر ممکن کوشش کرے گا۔