کراچی(صباح نیوز)سندھ کابینہ نے میئر کراچی میٹرو پولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی)کو واٹر بورڈ کا چیئرمین بنانے کی منظوری دیدی۔
ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق مراد علی شاہ کی زیر صدارت سندھ کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں مختلف معاملات پر غور کیا گیا اور متعدد فیصلوں کی منظوری دی گئی۔ترجمان کے مطابق صوبائی کابینہ کے اجلاس میں میئر کراچی کو واٹربورڈ کا چیئرمین بنانے کی منظوری دی گئی جبکہ میئر کراچی کو کے ڈی اے، ایم ڈی اے اور ایل ڈی اے کی گورننگ باڈیز کا ممبر بنانے کی منظوری بھی دی گئی۔
سندھ کابینہ نے صوبے کے تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز اور تعلقہ ہیڈکوارٹرز کو ٹائون کمیٹی بنانے کی ہدایت کی ہے، کمیٹی میں میئر کے ایم سی، ٹائون اور یو سی کے نمائندے بھی شامل ہوں گے۔ترجمان وزیراعلی سندھ کے مطابق اجلاس میں پروونشل فنانس کمیشن بنانے کی منظوری بھی دی گئی۔