لاہور(صباح نیوز)مہنگائی ،بے روزگاری ،سودی نظام کیخلاف جماعت اسلامی کے زیر اہتمام مینار پاکستان لاہور پر سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم ،جبکہ کوئٹہ میں امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبد الحق ہاشمی کی قیادت میں احتجاجی دھرنے دئیے گئے مظاہرین نے حکومتی ملک دشمن پالیسیوں ،پیٹرولیم ،بجلی ،گیس ،اشیا خوردو نوش کی قیمتوں میں ہو شربا اضافے کیخلاف شدید نعرہ بازی کی۔
سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں حقیقی تبدیلی چوروں کے کلب ممبران کو سمندر میں ڈبونے سے آئے گی پی ٹی آئی حکومت سابقہ ناکام حکومتوں کی فہرست میں سر فہرست آگئی ہے پاکستان میں جمہوریت کے نام پر خاندانی آمریت ہونے سے پارٹیاں وراثتوں پر چل رہی ہیں جماعت اسلامی کے علاوہ کسی سیاسی کارکن کوکسی سیاسی منصب پر فائز ہونے کا کوئی حق حاصل نہیں ۔انہوں نے کہا پی ٹی آئی ،پیپلز پارٹی ،مسلم لیگ ن کی حکومتیں اس لیے ناکام ہوئیں کہ ان میں وڈیرے جاگیردار سرمایہ دار وں کا بسیرہ ہے جو غریب آدمی کی بجائے صرف اپنے فائدے سمیٹتے ہیں ۔
انہوں نے کہا پی ٹی آئی کی حکومت میں آٹا 35 سے 70 ،گھی 170 سے 450 روپے کلو جبکہ پیٹرول 90 سے 160 روپے فی لیٹر ہو گیا ہے اگر عمران خان وزیر اعظم برقرار رہا تو پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 200 روپے تک پہنچ جائے گی 70 سالوں میں ملک پر 25 ہزار ارب روپے کے قرضے تھے جو آج 50 ہزار ارب ہو گئے ہیں ۔بجلی کی فی یونٹ قیمت 8 روپے سے 30 روپے فی یونٹ ہو رہی ہے جو کہ پاکستان کے عوام پر ظلم اور مہنگائی کے کوڑے مارنے کے مترادف ہے۔امیر العظیم نے کہا اس ملک میں ٹیکس دینے والے زندگی کی بنیاد ی سہولتوں سے محروم جبکہ ٹیکس لینے والے مراعات سمیٹ رہے ہیں ۔جماعت اسلامی ملک سے سودی نظام کے خاتمے اور قرآن و سنت کے نظام کا نفاذ کے لیے اپنی جدو جہد جاری رکھے گی۔
امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ جو پنجاب حکومت ساڑھے تین سال میں ایک موریہ پل منصوبہ مکمل نہ کروا سکی اس صوبے کے وزیر اعلیٰ کی کارکردگی کو نمبر ون قرار دینا پہلی پوزیشن کی توہین ہے۔موجودہ سابقہ حکمرانوں نے نہ صرف قومی خزانے کو بے دردی سے لوٹا بلکہ لاہور شہر کو مسلسل کے گرداب میں پھنسا دیا ہے ۔انہوں نے کہا مچھلی منڈی کی چائنہ سکیم میں منتقلی کی مذمت کرتے ہیں حکومت یہ فیصلہ واپس لے ۔شاہدرہ،امامیہ کالونی کے مقام پر فلائی اوور ز کی تعمیر شروع کی جائے، لاہور کو پینے کے صاف پانی کے منصوبے شروع کیے جائیں وگرنہ جماعت اسلامی حکمرانوں کے ایوانوں کا گھیرائوکرے گی۔
دریں اثناجماعت اسلامی ضلع کوئٹہ کے زیراہتمام کوئٹہ پریس کلب کے سامنے کوئٹہ کے سلگتے مسائل ،بدعنوانی،گیس ،بجلی لوڈشیڈنگ ،منشیات ،بے روزگاری ،بدعنوانی اورحکومتی غفلت کے خلاف ”حق دوکوئٹہ ”دھرنا امیر جماعت اسلامی ضلع کوئٹہ حافظ نورعلی کی صدارت میں دیا گیا دھرنا صبح دس سے شام 5بجے تک جاری رہادھرناکے مہمان خصوصی حق دو تحریک کے قائد مولاناہدایت الرحمان بلوچ تھے ۔دھرنے کے شرکاء سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولاناعبدالحق ہاشمی نے کہاکہ ہم نے کوئٹہ کے سلگتے مسائل ومشکلات کو اجاگراوران کے حل کیلئے دھرنا دیا حکمرانوں نے کوئٹہ کے مسائل پر ایکشن نہیں لیاتوہمارااگلا دھرنا سخت اور غیر معینہ مدت کیلئے ہوگا چالیس لاکھ کے شہر میں ہسپتال یونیورسٹی اور دفاتر ہڑتالوں کے نام پر بند ،بجلی گیس لوڈشیڈنگ جاری ،لاکھوں شہری ٹینکرمافیا کے حوالے ،منشیات وشراب کھلے عام دستیاب ،کوئی روک ٹھوک نہیں،سیوریج،ٹریفک وصفائی کے مسائل ضلعی انتظامیہ کونظرنہیں آتی ۔میٹروبس، سرکولرٹرین وجدید ٹرانسپورٹ کی سہولتیں شہریوں پر حرام کر دی گئی ہیں۔بدامنی سٹریٹ کرائمز کی وجہ سے شہری پریشان،بدعنوانی ومہنگائی نے جینا حرام کر دیا ہے ۔ان سب کے باوجودحکومت ٹھس سے مس نہیں ہورہی ہے ۔جمہوریت ،قومیت کے دعویداروں نے عوام کے حقوق غصب کرتے ہوئے عوام کے ارمانوںکا خون کیا ۔بااختیارقوتیں عوام کی تباہی وبربادی سے لطب اندوزہوکر منفی تماشاکر رہی ہیں ۔جماعت اسلامی شہریوں کے مسائل کے حل حقوق کے حصول کیلئے ہر فورم پر آوازاُٹھائیگی ۔شہری وعوام ،تاجراورنوجوان ہمارے ساتھ ہیں ۔حکومت ،اداروں،سیکورٹی فورسز،منتخب نمائندوں اورانتظامیہ کی غنڈہ ٹیکسز،بھتہ خوری ،لوٹ مار بدعنوانی ختم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ دھرنے سے مہمان خصوصی حق دوتحریک کے قائد ،
جماعت اسلامی کے صوبائی جنرل سیکرٹری مولانا ہدایت الرحمان بلوچ ،امیر ضلع کوئٹہ حافظ نورعلی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حکمرانوں نے ہمارے مطالبات نہیں ماننے ،حق دوتحریک کے مطالبات سے روگردانی کی تو مارچ کے آخر میں کوئٹہ میں دس لاکھ افرادجمع کرکے حکمرانوں سے حق چھین لیں گے کوئٹہ کے عوام کو بھی گوادر کے عوام جیسا جذبہ پیدا کرنا ہوگا عوام نکلیں گے توحکمران مسائل حل کرنے پر مجبور ہوں گے ۔بلوچستان کے سرحدی تجارت پر بھتہ خوری ،سیکورٹی فورسزکے ناجائز ٹیکسزکی وجہ سے تجارت محفوظ نہیں ۔ساحل ،سرحد وںاوروسائل پرحق چاہیے۔سرحدیں ،ساحل ،وسائل ہمارے لیکن استعمال وتقسیم کرنے والے خود اسے لوٹ رہے ہو یہ ہم مزید برداشت نہیں کریں گے۔
بلوچستان والے کب تک غلامی وغربت وبھوک پیاس والی زندگی بسر کریں گے۔صوبے میں ہرطرف غربت ناچتی ہے حکومت واپوزیشن عوام کو سننے والے نہیں۔آج تک صوبے میں قائم حکومتوں اوروفاق نے بلوچستان کے مظلوم عوام کوجائز قانونی معاشی آئینی حقوق نہیں دیے منتخب نمائندے بھی حکومتوں کے غلام اورمفادات کے اسیر ہوتے ہیں۔انہیں عوام کی فکر نہیں حکومت واپوزیشن دونوں آپس میں ملے ہوئے ہیں۔ ساحل پر ٹرالر مافیاز،چیک پوسٹیں ابھی تک مکمل طور پر ختم نہیں ہوئی ،صوبائی انتظامیہ سے امیدیں ،صوبائی حکومت سے ناامید ہیں ۔دھرنے سے جماعت اسلامی کے صوبائی نائب امراء مولانا عبدالکبیر شاکر ،ڈاکٹر عطاء الرحمان ، جے آئی یوتھ کے مرکزی نائب صدر نورالدین غلزئی ،صوبائی صدرنقیب اللہ اخوانی ،مولانا عبدالحمید منصوری ،قاری عطاء اللہ مسلم ،عنایت اللہ درانی ،نصیب اللہ درانی ،حیات اللہ آغا،،میر غلام رسول محمد شہی ،محمد حلیم حماس ،عبدالہادی بابڑ،چیئرمین داروخان ،محمد ہاشم کاکڑ،حاجی محمداکرم خلجی ،عبدالمنان ہاشمی ،عبدالمجید سربازی،تاجررہنما ئوں حاجی محمدعمرخان ،حاجی حسن آغا،عمران ترین ،جماعت اسلامی یوتھ کے میر بلال قلندرانی،جمعیت طلباء عربیہ کے مولانا بخت اللہ کاکڑ،افتخاراحمدکاکڑ،مولانامحمد ہاشم کاکڑ،
مولانا فضل الٰہی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کوئٹہ ہم سب کا مشترکہ گھر ہے اس گھر کے مسائل کے حل ،زیادتیوں کے خلاف اور حقوق کے حصو ل کیلئے ہم سب ایک ہیں ۔انہوں نے کہاکہ کہ شہری مسائل کے حل کیلئے بلدیاتی نمائندوں کو بااختیار بناکر بلدیاتی انتخابات کا انعقاد یقینی بنائی جائے۔شہر میں صفائی ہنگامی بنیادوں پر کی جائے ۔ہسپتالوں کو منظم ،سہولیات کی فراہمی کیساتھ ڈاکٹرزودیگرکو ڈیوٹی کا پابندبنایا جائے ڈاکٹرز،میڈیکل طلباء ،ٹیچرز،ملازمین کے مسائل حل کیے جائیں ۔تعلیمی اداروں میں معیاری تعلیم کیساتھ سہولیات کی فراہمی اور ٹیچرزکو ڈیوٹی کا پابند بنایاجائے شہر میں سرعام منشیات وشراب کے اڈے فی الفوربند ،ملوث افرادکو قانون کے دائرے میں لایاجائے ۔زمینوں پر لینڈمافیازکے قبضے ختم کیے جائیں ۔شہر کے سڑکوں کی تعمیر پر خاص توجہ دی جائیں سٹریٹ کرائمز ،چوری ڈاکے وبدامنی کے مسائل سے شہریوں کو نجات دلائی جائے