اسلام آباد ہائیکورٹ ، محسن بیگ پر تھانے میں تشدد کی آئی جی سے رپورٹ طلب


اسلام آباد(صباح نیوز)اسلام آباد ہائیکورٹ نے سینئر صحافی محسن بیگ پر تھانے میں تشدد کی شکایت پر رپورٹ طلب کرلی جبکہ دہشت گردی اور ایف آئی اے مقدمات خارج کرنے کی درخواستوں پر سماعت ملتوی کر دی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں سینئرصحافی محسن بیگ کے خلاف مقدمہ خارج کرنے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ وکیل اہلیہ محسن بیگ نے موقف اپنایا کہ حکومت کی جانب سے ایڈیشنل سیشن جج کو دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا آئی جی اسلام آباد پولیس پیر تک محسن بیگ کے ساتھ ہونے والے واقعے پر رپورٹ پیش کریں، کسی جج کو دھمکی دی جاسکتی ہے نہ ڈرایا جاسکتا ہے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ ملزم کے علاوہ کوئی مقدمہ خارج کرنے کی درخواست دائر نہیں کر سکتا، ہمیں معلوم بھی نہیں ملزم خود مقدمہ خارج کرنا بھی چاہتا ہے یا نہیں۔ عدالت نے ہدایت کی کہ محسن بیگ کو وکیل سے ملنے دیا جائے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے محسن بیگ کے خلاف دہشت گردی اور ایف آئی اے مقدمات خارج کرنے کی درخواستوں پر سماعت ملتوی کر دی۔