وفاقی وزیر توانائی نے وزرا ئے اعلیٰ اور وزیراعظم آزاد کشمیر کو انرجی کنزرویشن بلڈنگ کوڈز 2023پر عملدرآمد کیلئے خطوط تحریر کردیئے

 اسلام آباد (صباح نیوز)وفاقی وزیر توانائی  اویس احمد خان لغاری کا تمام وزرا اعلیٰ اور وزیراعظم آزاد کشمیر وفاقی وزرا پلاننگ اور سائنس وٹیکنالوجی کو انرجی کنزرویشن بلڈنگ کوڈز 2023پر عملدرآمد کیلئے خطوط تحریر کردیئے ۔ اویس لغاری نے کہاکہ عمارات میں انرجی کے غیر فعال استعمال سے بلوں میں بھی اضافہ ہوتا ہے ۔  وفاقی وزیر نے خطوط میں بلڈنگز کوڈز پر عملدرآمد کے ذریعے ملکی اور پاور سیکٹر کی دیرپا ترقی کیلئے دو نکات پر مشتمل اسٹریٹجی کی تجویز دیتے ہوئے بتایا ہے کہ موجودہ بلڈنگز سے متعلق قوانین کی ازسرنو انرجی کی بچت کے کوڈز2023  کی روشنی ترویج کی جائے ۔سالانہ ڈویلپمنٹ پلان میں بھی ان انرجی بچت کوڈز 2023 کو پبلک سیکٹر کے تعمیراتی پلان میں ترجیح دی جائے ۔

عمارات سے متعلق انرجی کوڈز کو وفاقی کابینہ اور نیشنل اکنامک کونسل کے فورم نے منظور کیا ہوا ہے ۔پاور ڈویژن بجلی کے بلوں میں کمی سے متعلق مختلف اقدامات کر رہی ہے اور بلڈنگز کوڈ پر عملدرآمد بھی اس سلسلے کی کڑی ہے ۔بلڈنگز میں انرجی کنزرویشن سے نہ صرف بلوں میں کمی آئے گی بلکہ گرمیوں میں پیک اورز میں بجلی کی طلب پر بھی قابو پایا جاسکے گا، پاکستان میں گرمیوں میں پیک آورز 60سے 80گھنٹوں پر محیط ہوتے ہیں جبکہ اس کے  لئے  سالہال کئی سارے پاور پلانٹس کو سسٹم میں رکھا جا رہا ہے، ان پاور پلانٹس کی سال کے باقی مہینوں بہت کم ضرورت ہوتی ہے، ان پاور پلانٹس کی وجہ سے بجلی کی قیمتوں میں بھی اضافی بوجھ پڑتا ہے۔