اسٹیبلشمنٹ یا کسی ملک کے کہنے پر ڈیل نہیں کروں گا، عمران خان

راولپنڈی (صباح نیوز)بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ یا کسی ملک کے کہنے پر ڈیل نہیں کروں گا۔ اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت ہوئی، اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ خان ارجمند نے کیس کی سماعت کی ۔دوران سماعت سابق وزیراعظم کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا،

سابق خاتون اول بشری بی بی بھی سماعت کے لیے اڈیالہ جیل آئیں۔سماعت کے بعد بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگومیں بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ عدلیہ کا مذاق بنایا گیا ہے۔ میں ہر کیس لڑوں گا۔ جب کیسز لڑ رہا ہوں تو مجھے ڈیل کرنے کی کیا ضرورت ہے۔ اسٹیبلشمنٹ یا کسی ملک کے کہنے پر ڈیل نہیں کروں گا۔علیمہ خان کے مطابق عمران خان کا کہنا ہے کہ 9 مئی انہوں نے کیا جنہوں نے سی سی ٹی وی فوٹیج چرائی۔ 9 مئی کی سازش پہلے سے کی گئی تھی۔ جن لوگوں نے 9 مئی کے بعد پارٹی چھوڑی ان کے کیسز معاف کردئیے گئے۔ 26 نومبر کے لاتعداد لوگ مسنگ ہیں۔

لال مسجد کی طرح لاشیں دفنائی گئی ہیں۔ آپ ملک کی سرحدوں کی فکر کریں۔ دو مطالبات ہیں 9 مئی اور 26 نومبر پر جوڈیشل کمیشن بنائے جائیں اور بے گناہ قیدیوں کو رہا کیا جائے۔بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان نے کہا ہے کہ وہ بنی گالہ میں ہاوس اریسٹ پر نہیں جائیں گے۔ توشہ خانہ 2 کیس بھی توشہ خانہ کے پہلے کیس جیسا ہے۔ القادر یونیورسٹی کیس میں 6 تاریخ کو بانی پی ٹی آئی کوسزا سنانی ہے۔ القادر کیس اور توشہ خانہ 2 اعلی عدالتوں میں ختم ہوجائیں گے