جنوبی کوریا کا طیارہ تباہ، ہلاک ہونے والوں کی تعداد 177 ہو گئی


موان(صباح نیوز)جنوبی کوریا میں ایک مسافر طیارہ لینڈنگ کے دوران تباہ ہونے کے باعث ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد کم از کم 177 ہوگئی ہے۔اتوار کو جنوبی کوریا کی ایک مقامی ایئر لائن جے جو ایئر کا مسافر طیارہ دار الحکومت سول سے جنوب میں 290 کلو میٹر دور موان شہر کے ایئرپورٹ پر لینڈ کر رہا تھا۔

لینڈنگ کے دوران بظاہر جہاز کے لینڈنگ گیئر نہیں کھلے اور وہ رن وے پر پھسلتا ہوا ایئرپورٹ میں کنکریٹ سے بنی دیوار سے ٹکرا کر زوردار دھماکے سے تباہ ہو گیا۔یہ واقعہ مقامی وقت کے مطابق صبح تقریبا نو بجے پیش آیا۔ کریش ہونے والا طیارہ 15 سال پرانا بوئنگ 737 کا جیٹ-800 تھا جس پر 181 افراد سوار تھے۔حکام کے مطابق طیارے میں سوار افراد میں سے کم از کم 177 کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہوگئی ہے۔ ہلاک ہونے والوں میں 84 خواتین اور 82 مرد شامل ہیں جب کہ 11 دیگر افراد کی شناخت نہیں ہوئی ہے۔حادثے کو کئی گھنٹے گزر جانے کے باوجود تین افراد تاحال لاپتا ہیں جب کہ طیارے کے عملے کے دو افراد کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا جاچکا ہے جن کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔

جائے حادثہ پر ریسکیو ورکرز کی بڑی تعداد موجود ہے جو طیارہ تباہ ہونے کے بعد بکھری ہوئی لاشوں کو جمع کرنے اور لاپتا افراد کو تلاش کرنے میں مصروف ہیں۔موان کے چیف فائر اسٹیشن لی جیون ہیون نے ٹیلی وژن پر ایک بریفنگ میں بتایا ہے کہ دیوار سے ٹکرانے کے بعد طیارہ پوری طرح تباہ ہوگیا اور ملبے میں صرف اس کی دم قابلِ شناخت ہے