راولپنڈی(صباح نیوز)رہنما مسلم لیگ ن حنیف عباسی نے کہا ہے کہ سول نافرمانی کی باتیں بہت پرانی ہیں، آئی ایم ایف کو بھی خطوط لکھے گئے تھے، حکومتی اقدامات سے معیشت درست سمت گامزن ہے، ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔نیوز کانفرنس کرتے ہوئے رہنما مسلم لیگ(ن) حنیف عباسی نے کہا کہ پالیسی ریٹ میں مسلسل کمی ہو رہی ہے، برآمدات میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ہمیشہ ملک کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی، ابسلوٹلی ناٹ کہنے والے اب امریکا کے پاوں پڑ رہے ہیں، یہ کہا کرتے تھے “ہم کوئی غلام ہیں”۔حنیف عباسی نے کہا کہ پی ٹی آئی نے تین بار اسلام آباد پر حملے کیے، 9 مئی کے ماسٹر مائنڈ کو بھی کٹہرے میں لانا ہوگا، نو مئی، 26 نومبر کے منصوبہ ساز کو منطقی انجام تک پہنچنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ جن لوگوں سے پریس کانفرنس کروائی گئی ان کو بھی کٹہرے میں لایا جائے، پختون کارڈ کھیلنے کی کوشش کی گئی، پاکستان کیخلاف سازشوں کو مل کر ناکام بنانا ہوگا، پریس کانفرنس کروا کر جنہیں چھوڑا گیا وہ بھی 9 مئی کے منصوبہ سازوں میں شامل ہیں۔ حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ ایٹمی پروگرام اس قوم کا ہے اور ملک کیخلاف سازش پر نظر رکھنی ہے۔
حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ پاکستان کو شام اور عراق ماڈل پر پرکھا جا رہا ہے، بڑے عرصے سے سول نافرمانی کی بات ہورہی ہے، ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے سامنے احتجاج اور امداد نہ دینے کے خطوط لکھے گئے جبکہ لابنگ فرم ہائر کے کانگریس مین کے ذریعے حملہ آور ہونے کی کوشش بھی کی گئی۔انہوں نے پاکستان تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ معیشت بہتر ہورہی تھی تو کچھ لوگ پاکستان پر حملہ آور تھے اور 26 نومبر کو پاکستان پر حملہ کر کے ملک کی پیٹھ میں چھرا گھونپا گیا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان جیسا ملک بھی آنکھیں دکھا رہا ہے اور پی ٹی آئی کے ٹوئٹر اکانٹس اس سب پر شادیانے بجا رہے ہیں،ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں 1 سال میں 21 ارب 70 کروڑ ڈالر ترسیلات زر آئے ہیں، ساڑھے 7 ارب ڈالر سعودی عرب سے آئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ 950 ارب پہلی دفعہ سرپلس ہوا ہے۔ انٹرسٹ ریٹ 13 فیصد پر آیا ہے، ایکسپورٹ میں ریکارڈ اضافہ ہوا اور سرمایہ کاری بھی آئی ہے۔حنیف عباسی نے یہ بھی کہا کہ آہستہ آہستہ پاکستان میں معاشی استحکام آیا ہے،
پوری دنیا اب پاکستان پر اعتبار کر رہی ہے، معیشت جب ترقی کر رہی تھی کچھ لوگ پاکستان پر حملہ آور ہو رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ ایک جماعت 3 مرتبہ وفاق پر حملہ آور ہوئی۔ کیا یہ خوشی کی بات ہے پاکستان پر کوئی پابندی لگے؟ پی ٹی آئی کے اوورسیز سوشل میڈیا اکاونٹ خوشیاں مناتے رہے۔ن لیگی رہنما نے کہا کہ جو ایبسلوٹلی ناٹ کہتے تھے وہ آج ان کے پاوں پڑے ہیں، آپ سفارتی تعلقات خراب کرنے کیلیے ٹوئٹر کا استعمال کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ فیک نیوز کے ذریعے انسانی حقوق کی تنظیموں کو رابطہ کیا جاتا ہے، ہم سب کے ساتھ برابری کی بنیاد پر تعلقات رکھیں گے، پاکستان کے ایٹمی پروگرام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا