نظریہ پاکستان ہی ملکی ترقی وسلامتی کا ضامن ہے، امیرالعظیم


لاڑکانہ (صباح نیوز)مرکزی سیکرٹری جنرل امیرالعظیم نے کہا ہے کہ نظریہ پاکستان ہی ملکی ترقی وسلامتی کا ضامن ہے۔جماعت اسلامی اقامت دین کی تحریک ہے جودعوت وتبلیغ کے ساتھ ساتھ پرامن وجمہوری مزاحمت کے ذریعے اقتدارکے ایوانوں میں پہنچ کر اسلام آباد میںبند دین کے دروازے کو کھولنا چاہتی ہے۔تحریک کے ہرفردکودعوت دین کے کام کے لیے عملی نمونہ بن جاناچاہیے۔

اسلامی نظام کے قیام میں ہی ہمارے تمام مسائل کا حل ہے ،جماعت اسلامی اپنے قیام کے روزاول سے شریعت کے نفاذ، خوشحال اورپرامن پاکستان کے لیے جدوجہدکرہی ہے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے لاڑکانہ میں منعقدہ ڈویژنل تربیت گاہ سے خطاب کے دوران کیا۔دوروزہ اقامتی تربیت گاہ کے شرکاء میں ڈویژن بھرسے ہر سطح کی قیادت جبکہ صوبائی امیرکاشف سعید شیخ دیگرصوبائی ذمے دران بھی موجودتھے۔امیرالعظیم کامزیدکہنا تھاکہ سیاسی قیادت کی ضدوانا نے پورے ملک کو سیاسی ومعاشی عدم استحکام سے دوچار کردیا ہے، پاراچنارسے لیکرکشمورتک بدامنی اورڈاکوئوں کا راج ہے عوام کی دادرسی کرنے والا کوئی نہیں ۔ غزہ میں جاری انسانیت کے قتل عام کو 450دن مکمل ہوگئے۔

پوری دنیا کیمرے کی آنکھ کے صہیونی ہاتھوںہونے والی اس بدترین نسل کشی کاہرروزہ مشاہد کر رہی ہے مگرپھربھی عالمی ضمیرخواب غفلت سے جاگنے کا نان نہیں لے رہا ہے،غیروں سے گلہ کیا کریں خودمسلم ممالک نے غزہ کے مظلوم فلسطینیوں کو تنہا چھوڑدیا ہے۔