اقوام متحدہ کے مبصرین کو غزہ کے ہسپتالوں میں بھیجا جائے،حماس کا مطالبہ

غزہ (صباح نیوز)اسلامی تحریک مزاحمت( حماس) نے مطالبہ کیا ہے کہ اقوام متحدہ کے مبصرین کو غزہ کے ہسپتالوں میں بھیجا جائے تاکہ قابض صیہونی دشمن کی طرف سے ہسپتالوں کو فوجی مقاصد کے لیے استعمال کرنے سے متعلق قابض فاشسٹ صیہونی دشمن کے جھوٹ کو پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جا سکے اور اسرائیلی دشمن کے الزامات کی حقیقت سامنے لائی جا سکے۔

حماس نے بیان میں کہا کہ مجرم قابض صہیونی فوج کی جانب سے طبی سہولیات اورہسپتالوں کو مسلسل نشانہ بنانا اور منظم طریقے سے تباہی، جن میں تازہ ترین واقعہ شمالی غزہ کی پٹی میں کمال عدوان اسپتال کو نذرآتش کرنا اور تباہ کرنا تھا شامل ہے۔انہوں نے اقوام متحدہ اور تمام متعلقہ بین الاقوامی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت اپنی ذمہ داریوں کے مطابق شمال میں باقی ہسپتالوں اور طبی سہولیات کی حفاظت اور انہیں طبی سامان کی فراہمی کے لیے فوری مداخلت کریں۔ حماس نے بین الاقوامی مبصرین کو ان تنصیبات پر بھیجنے کا بھی مطالبہ کیا تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ حقیقت میں کیا ہو رہا ہے۔ قابض صہیونی دشمن کی طرف سے ہسپتالوں کو فوجی اور عسکری مقاصد کے لیے استعمال کرنے کے الزامات جھوٹے ہیں اور اس جھوٹ کو دنیا کے سامنے لانے کے لیے عالمی مبصرین تعینات  کئے  جائیں۔