حافظ عبد الرحمن مکی مظلوم کشمیریوں کی ایک مضبوط اور تواناآواز تھے،متحدہ جہاد کونسل

مظفر آباد (صباح نیوز) متحدہ جہاد کونسل نے کہا ہے کہ حافظ عبد الرحمن مکی مظلوم کشمیریوں کی ایک مضبوط اور تواناآواز تھے،معروف عالم دین ، تحریک آزادی کشمیر کے پشتی بان اور ہردلعزیز رہنما پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی اس جہانِ فانی سے رخصت ہو گئے،۔ان کی جدائی انتہائی تکلیف دہ ہے ۔

ان خیالات کا اظہار متحدہ جہاد کونسل کے ایک خصوصی اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت حزب سربراہ اور متحدہ جہاد کونسل کے چیئر مین سید صلاح الدین احمد نے کی ۔اجلاس میں برصغیر کے عظیم عالم دین مولانا عبداللہ بہاولپوری کے  فرزند ارجمند اورتحریک آزادی کشمیر کے پشتیبان پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی کو زبردست خراج عقید ت  پیش کیا گیا جو حرکت قلب بند ہونے کے باعث ہم سے جدا ہوگئے ۔ مولانا پروفیسر حافظ مکی علم و عمل کا ایک روشن چراغ تھے ۔

جامعہ القرا یونیورسٹی سے اسلامی سیاست کے موضوع پر ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی تھی ۔معروف جہادی رہنما پروفیسرحافظ محمد سعید کے برادر نسبتی تھے۔ اجلاس میں کہا گیا کہ حافظ عبدالرحمان مکی تحریک آزادی کشمیر کے حقیقی پشتی بان تھے ۔مجاہدین و مہاجرین کشمیر کے مربی و استاد تھے،مظلوم کشمیریوں کی ایک مضبوط اور تواناآواز تھے ۔تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کیلئے زندگی کے آخری لمحے تک جدوجہد میں مصروف رہے ۔

اجلاس میں ان کے انتقال پرملال پر انتہائی دکھ اور صدمے کا اظہار کیا گیا اور اس حقیقت کا برملا اعتراف کیا گیا کہ ان کی جدائی سے جو خلا پیدا ہواہے وہ پورا ہونا ناممکن نہ سہی ،انتہائی مشکل ضرور ہے ۔اجلاس میں ان کی بلندی درجات کی دعا کی گئی اور اس عزم کو دہرایا گیا کہ ان کے نقش قدم اور ان کی تعلیمات پر چل کر ،تحریک آزادی کشمیر کی جدوجہد حصول منزل تک جاری رہے گی ۔