ممتاز عالم دین عبدالرحمن مکی وفات پا گئے

لاہور(صباح نیوز) پاکستان کے ممتاز عالم الدین ، کالعدم جماعت الدعوہ کے سیاسی و خارجہ امور شعبے کے سابق سربراہ حافظ عبدالرحمان مکی لاہور میں وفات پا گئے ہیں۔ وہ طویل عرصے سے ذیابیطس کے مریض تھے اور ان کی وفات دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی۔عبدالرحمان مکی کے بھانجے طلحہ سعید نے ان کی وفات کی تصدیق کی ہے۔طلحہ سعید نے بتایا کہ حافظ عبدالرحمان مکی کو 2019 میں حکومتِ پنجاب کے احکامات پر حراست میں لے کر جیل منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ تقریبا ایک برس تک قید رہے اور رہائی کے بعد سے بیمار تھے۔انھوں نے بتایا کہ عبدالرحمان مکی نے اپنی سزا مکمل کرنے کے بعد زندگی کے آخری ایام اپنے گھر میں ہی گزارے اور وہ تنظیمی معاملات سے دور تھے۔عبدالرحمان مکی کالعدم جماعت الدعوہ کے سربراہ حافظ سعید کے ماموں زاد بھائی تھے۔

علاوہ ازیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے کنوینر غلام محمد صفی ،سنیر حریت رہنما محمود احمد ساغر ،محمد فاروق رحمانی،میر طاہر مسعود ،سید یوسف نسیم، جنرل سکریٹری ایڈوکیٹ پرویز احمد ، شمیم شال اور سکریٹری اطلاعات مشتاق احمد بٹ،منظور احمد ڈار اور دیگر نے اسلام آباد سے مشترکہ ایک تعزیتی بیان میں پاکستان کے ممتاز عالم الدین،محب پاکستان اور کشمیریوں کے پشتبان مولانا عبدالرحمان مکی کی وفات پر انتہائی دکھ و رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم علم و عمل کے ایک روشن چراغ سے محروم ہوگئے۔ ان کی وفات سے نہ صرف جماعت الدعو بلکہ پوری اسلامی دنیا ایک عظیم قائد اور کشمیری قوم ایک دردمند پشتبان اور توانا آواز سے محروم ہوئی ہے ۔حریت رہنماوں نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا عبدالرحمان مکی ایک نیک دل، مخلص اور ممتاز عالم دین تھے۔

.جنہوں نے قرآن وسنت کی تعلیمات پر عمل پیرا رہتے ہوئے اپنی زندگی اسلام کی خدمت اور مسلمانوں کی فلاح و بہبود کے لیے وقف کر دی تھی۔ وہ ایک بہترین خطیب، عالم دین اور سیاسی رہنما تھے۔ ان کی تقریریں اور اور خطبات ہمیشہ مسلمانوں کو فکر و عمل کی طرف دعوت دیتی رہیں گی۔ انہوں نے اسلام کی تعلیمات کو عام لوگوں تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا ۔وہ پاکستان کی سلامتی اور استحکام کے لئے ہمیشہ کوشاں رہتے تھے۔عبدالرحمان مکی کی وفات سے پیدا ہونے والے خلا کو پر کرنا بہت مشکل ہے ۔ ہم اللہ تعالی سے دعا گو ہیں کہ وہ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین۔ حریت رہنماوں نے کہا کہ ہم لواحقین کے اس عظیم غم میں برابر کے شریک ہیں ۔