پاکستان اور ترکیہ کی لازوال دوستی سرحدوں یا اچھے برے وقت کی محتاج نہیں،عطا تارڑ


اسلام آباد (صباح نیوز)وفاقی وزیرِ اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ ترکیہ اور پاکستان کی دوستی سرحدوں کی محتاج نہیں ، دونوں ملکوں کی دوستی سرحدوں سے آگے ہے۔علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں ترکیہ کلچرل سینٹر یونس ایمرے مرکز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ترکیہ اور پاکستا ن کے درمیان مثالی دوستی ہے مگر عوام کا تعلق بھی مضبوط ہونا چاہیے، شاعر اور یونس درویش کہلائے جانے والے یونس ایمرے کے نام سے کلچر سینٹر کو منسوب کیا ہے،

استنبول کے دورے میں ترکیہ کے ساتھ شراکت داری کو مزید بڑھانے پر غور کیا۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کونیا میں مولانا رومی کے مزار کے پاس علامہ اقبال کا بھی علامتی مزار ہے، کلچر ٹو کلچر اور عوام سے عوام کا رابطہ بڑھایا جانا چاہیے۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان اورترکیہ کے تعلقات وقت کے ساتھ مضبوط ہوتے جا رہے ہیں، دونوں ملکوں کے عوام ایک دوسرے سے گہرا لگا ئورکھتے ہیں۔عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کی لازوال دوستی سرحدوں یا اچھے برے وقت کی محتاج نہیں، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان بہت سی قدریں مشترک ہیں، دونوں ممالک ثقافت اورمذہب کے ذریعے بھی ایک دوسرے سے جڑے ہیں۔