ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث افراد اور ان کے سہولت کاروں کا خاتمہ کیا جائیگا، آرمی چیف

راولپنڈی(صباح نیوز) چیف آف آرمی اسٹاف سیدعاصم منیر نے کہا ہے کہ ریاست کے خلاف مذموم سرگرمیوں میں ملوث افراد، ان کے سہولت کاروں اور مالی معاونت کرنے والوں کا خاتمہ کیا جائے گا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف نے آج جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا کا دورہ کیا جہاں انہیں موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور انسداد دہشتگردی کیخلاف جاری کارروائیوں پر جامع بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف نے افسران اور جوانوں کے ساتھ بات چیت کی اور دہشتگردی کے مقابلے میں ان کی غیر متزلزل لچک و ثابت قدمی کو سراہتے ہوئے سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کو قوم کا حقیقی ہیرو قرار دیا۔

جنرل عاصم منیر نے کہاکہ شہداء پاکستان کا فخر ہیں، ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔ پاک فوج قوم کی پرعزم حمایت کے ساتھ ملک بھر میں پائیدار امن و استحکام کی بحالی کو یقینی بناتے ہوئے دہشتگردی اور انتہا پسندی کو ختم کریگی۔ ریاست کے خلاف مجرمانہ کارروائیوں میں ملوث دہشتگردوں کو قیمت چکانا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ انشا اللہ !دہشتگردی اور انتہا پسندی اور اس کی تمام شکلوں کو ختم کیا جائے گا جس کے لیے ہم پرعزم ہیں۔ پاکستان کی مسلح افواج کی جرأت، لچک اور غیرمتزلزل عزم ملک کی خودمختاری کا سنگ بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو دہشتگردی سے نبردآزما جوانوں پر فخر ہے۔ شہدا پاکستان کا فخر ہیں اور ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔ آرمی چیف نے مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوانوں کو قوم کا حقیقی ہیرو قرار دیا اور کہا کہ ان کی بہادری اور بے لوث لگن پورے ملک کے لیے قابل فخر ہے۔ آرمی چیف  نے فتنہ الخوارج کے تعاقب کے لیے پاک فوج کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ ریاست کے خلاف ان کی مذموم سرگرمیوں، سہولت کار کے ساتھ ساتھ ان کی مالی معاونت کرنے والوں کا بھی خاتمہ کیا جائے گا۔

قبل ازیں وانا پہنچنے پر کور کمانڈر پشاور نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔ واضح رہے کہ آرمی چیف کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کہ گزشتہ روز سیکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان کے علاقے مکین میں چیک پوسٹ پر حملے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 8 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا تھا، تاہم فائرنگ کے تبادلے میں 16 جوان شہید ہو گئے تھے۔ اس حملے کے حوالے سے آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ 20اور 21 دسمبر کی درمیانی شب خوارج کے ایک گروپ نے جنوبی وزیرستان کے ضلع مکین کے علاقے میں سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ کرنے کی کوشش کی، سیکیورٹی فورسز نے حملے کو مثر طریقے سے ناکام بنا دیا اور فائرنگ کے تبادلے میں 8 خارجی دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا، تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران 16بہادر جوانوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت کو گلے لگا لیا۔ اس سے قبل آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے خیبر کے علاقے راجگال میں پاک۔افغان بارڈر پر فتنہ الخوارج کی در اندازی کی کوشش ناکام بنا دی تھی، فورسز کی کارروائی میں 4 خارجی مارے گئے تھے۔