پاکستان کی ترقی میں ہی ہماری ترقی ہے،سینیٹر روبینہ خالد

 اسلام آباد(صباح نیوز) چیئرپرسن  بینظیر انکم سپورٹ پروگرام  سینیٹر روبینہ خالد  اور ایڈیشنل سیکرٹری بی بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ڈاکٹر محمد طاہر نور  نے آج  بی آئی ایس پی کے زیر اہتمام کرسمس اور بانی پاکستان محمد علی جناح کی سالگرہ کے حوالے سے بی آئی ایس پی ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ تقریب میں شرکت کی۔

تقریب میں  مسیحی  براداری سے تعلق رکھنے والے  بی آئی ایس پی ملازمین، بینیفشریز ، مسیحی  میڈیا نمائندگان اور بی آئی ایس پی کے  ڈائریکٹر جنرلز نے    شرکت کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرپرسن سینیٹر  روبینہ خالد نے کہا کہ  بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی بانی شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا ایک ہی ویژن تھا وہ  متحد اور امن پسند پاکستان کا ویژن تھا۔  انہوں نے کہا کہ ملک میں  مذہبی ہم آہنگی پر امن بقائے باہمی کیلئے بہت ضروری ہے تمام مذاہب میں انسانیت کی خدمت کی تلقین کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا مشن بھی  غریب  و مستحق  افراد کی زندگیوں میں بہتری لانا اور انسانیت کی خدمت کرنا ہے۔  ہم بی آئی ایس پی کے پلیٹ فارم سے  کسی بھی مذہب، زبان اور نسل سے بالاتر غریب افراد کی   زندگیوں میں مثبت  تبدیلی لانے کیلئے پرعزم ہیں۔ اس کام میں ہمیں آپ کا تعاون چاہیئے ،ہم کبھی  بھی آپ کو مایوس نہیں ہونے دیں گے۔ہم سب آپ کیساتھ کرسمس کی خوشیوں میں شریک ہیں۔  سینیٹر روبینہ خالد نے مزید  کہا کہ  ہم سب پاکستانی ہیں ، ہمیں امن، رواداری اور برداشت  کے پہلو کو اپناتے ہوئے اپنے مصیبت زدہ بہن بھائیوں کی  مدد کرنی چاہیئے۔ سب سے پہلے پاکستان ہے اور پاکستان کی ترقی میں ہی ہماری ترقی ہے۔ آج ہمیں  خود سے اپنا احتساب کرنے کی بھی  ضرورت ہے ۔ حقوق کے ساتھ شہریوں کے فرائض بھی ہوتے ہیں

 سینیٹر روبینہ خالد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ  اظہار رائے کی آزادی ضرور ہونی چاہیے لیکن آزادی رائے کے بھی کچھ اصول و ضوابط ہوتے ہیں، اظہار رائے کے ذریعے ملک میں انتشار اور نفرت  کی بجائے مذہبی ہم آہنگی و اتفاق اور متحدقوم ہونے کا وقت ہے۔آج ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ ہم سب  بلاتفریق متحد ہو کر ملک کی ترقی اور خوشحالی میں بطور پاکستانی اپنا کردار ادا کریں تاکہ یہ ملک امن و سلامتی کا گہوارہ بن جائے۔ بی آئی ایس پی میں کرسمس تقریب کے انعقاد پر مسیحی براداری کی جانب سے چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد  اور انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا گیا اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے  پسماندہ طبقات کی خدمت کیمشن کی کامیابی کی دعا مانگی گئی۔ سینیٹر روبینہ خالد نے  مسیح براداری کے ہمراہ کرسمس اور قائد اعظم محمد علی جناح کی سالگرہ کا کیک کاٹا  اور مسیحی گھرانوں کے بچوں میں بی آئی ایس پی کی جانب سے تحائف بھی تقسیم کئے۔