اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر توانائی (پاور ڈویژن)سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا ہے کہ برٹش ہائی کمیشن اور حکومت پاکستان مل کر پاور ڈویژن کی بہتری کے لیے کام کریں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نیمنگل کو ڈویلپمنٹ ڈائریکٹر برائے برٹش ہائی کمیشن اسلام آباد جو موئر سے ملاقات کے دوران کیا۔ملاقات میں وفاقی وزیر برائے توانائی نے پاور ڈویژن میں کئے گئے تمام اصلاحات کا تفصیلی جائزہ پیش کیا۔ اویس احمد خان لغاری نے کہا کہ پاکستان کی 55 فیصد توانائی صاف توانائی پر مبنی ہے، حکومت پاکستان ملک میں الیکٹرک گاڑیوں کی پالیسی متعارف کروانے جا رہی ہے ، کم آمدنی والے طبقوں کے لییالیکٹرک گاڑیاں سستی اور موثر بنانے کے لییترقیاتی شراکت دار اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ای وی پالیسی کے تحت چارجنگ سٹیشنز اور بیٹری تبدیل کرنے کے سٹیشنز بنائے جائیں گے اور انہیں سستی بجلی فراہم کی جائے گی۔ اویس لغاری نے کہا کہ حکومت مستقبل میں بجلی نہیں خریدے گی، بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کے عمل میں ترقیاتی شراکت دار ہماری تکنیکی مدد کر سکتے ہیں۔
ڈویلپمنٹ ڈائریکٹر جو موئر نے کہا کہ توانائی کا شعبہ معیشت کی کامیابی اور استحکام کے لیے نہایت اہم ہے۔انہوں نے کہا کہ توانائی ایک گورننس کا مسئلہ ہے اور ہم پاکستان کے توانائی کے شعبے میں بہتر گورننس کے لیے مدد فراہم کرنا چاہتے ہیں۔ ڈویلپمنٹ ڈائریکٹر جو موئر نے یقین دہانی کرائی کہ برٹش ہائی کمیشن توانائی کے شعبے میں اصلاحات کی حمایت کرتا ہے اور حکومت پاکستان کو ہر ممکن مدد فراہم کرے گا۔ فریقین نے پاور ڈویژن کی بہتری کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔