ہمارے بلدیاتی نمائندے عوامی مسائل کے حل سمیت تعلیمی میدان میں بھی کام کررہے ہیں،منعم ظفر خان

کراچی(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا کہ جماعت اسلامی کے منتخب بلدیاتی نمائندے مشکل حالات، اختیارات کی کمی اور محدود وسائل کے باوجود عوامی مسائل کے حل سمیت تعلیمی میدان میں بھی کام کررہے ہیں،جماعت اسلامی و الخدمت کے تحت نوجوان طلبہ و طالبات کو فری آئی ٹی کورسز کروائے جارہے ہیں، ہم لانڈھی کے طلبہ و طالبات کو بھی فری کورسز کروائیں گے۔ لانڈھی کی یوسی 3 کراچی کی پہلی یوسی ہے جس میں میٹرک کے طلبہ و طالبات کی حوصلہ افزائی کے لیے لیپ ٹاپ بھی دیئے گئے ہیں، لانڈھی کے عوام جماعت اسلامی کے نمائندوں کا دست و بازو بنیں، نوجوان تعلیم کے میدان میں آگے بڑھیں اور ملک کا نام روشن کریں ۔ان خیالات کا اظہا انہوں نے لانڈھی ٹائون کی یوسی 3کے تحت حسن آباد پارک کے ایریا کورنگی میں میٹرک میں A1اور Aگریڈ حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کو ایوارڈز دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

تقریب سے امیر جماعت اسلامی ضلع کورنگی مرزا فرحان بیگ ،لانڈھی ٹاؤن کے چیئرمین عبد الجمیل،یوسی چیئرمین یوسی 3 نادر علی خان لودھی،ماہر تعلیم عظیم صدیقی نے بھی خطاب کیا ۔تقریب میں طلبہ و طالبات کے والدین سمیت علاقہ مکینو ں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی ۔تقریب میں طلبہ و طالبات میں ایوارڈز ، سرٹیفیکٹ اور لیپ ٹاپ بھی تقسیم کیے گئے ،اس موقع پر سکریٹری ضلع نوید اختر، میمن انڈسٹری اینڈ ٹیکنیکل انسٹیٹیوٹ کے سلمان شہزاد، میمن انسٹیٹیوٹ فی میل ونگ کی پرنسپل زرین اقبال و دیگر بھی موجود تھے ۔منعم ظفر خان نے مزید کہا کہ  ڈیڑھ سال کے مختصر وقت میں ہم نے کراچی میں 120 پارکوں کا افتتاح کیا، کھیلوں کے میدان آباد کیے اور 32 اسکولوں کی حالت بہتر کی ۔ نعمت اللہ خان ایڈوکیٹ کے دور میں تعلیم کے میدان میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور 4 سال میں 32 نئے کالجز بنائے ، آج بھی ہم نے اپنے 9 ٹاؤنز میں تعلیم کے فروغ اور سرکاری اسکولوں کی حالت اور معیار تعلیم میں بہتری کو ترجیح بنایا ہو اہے ۔ہمارے ٹائون چیئر مینوں کی کوششوں سے ٹاؤنز میں موجودسرکاری اسکولوں کی رجسٹریشن میں اضافہ ہوا ہے۔ ہم نے سرکاری اسکولوں میں طلبہ کو مفت کتابیں اور یونیفارم بھی دیئے ہیں ، ،حکومت و ریاست کی ذمہ داری ہے کہ عوام کو تعلیم و صحت کی سہولیات فراہم کی جائے لیکن افسوس کہ وہ اپنی ذمہ داری پوری نہیں کر رہی ۔

مرزا فرحان بیگ نے کہا کہ یوسی 3 کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جس نے میٹرک کے طلبہ و طالبات کی حوصلہ افزائی کے لیے ایوارڈ کی تقریب رکھی ۔ جماعت اسلامی چاہتی ہے کہ ہمارے بچے پڑھیں ،آگے بڑھیں اور پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کریں۔ آج بظاہر مایوسی ہی مایوسی ہے لیکن ہم نے مایوس نہیں ہونا ، علم کی شمع کا کام تاریکی میں بھی روشنی کرنا ہے۔ یوسی کے نمائندوںکے پاس عملاً کوئی اختیار نہیں ۔ وسائل انتہائی محدود اور بہت سارے چیلنجز موجود ہیں، گزشتہ 17 سال سے یوسی 3 لانڈھی میں پانی و سیوریج کے بے شمار مسائل ہیں۔ جماعت اسلامی کے منتخب یوسی چیئرمین نے سب سے پہلے اپنے محدود وسائل میں سیوریج کے مسئلے کو حل کیا اور 300 سے زائد اسٹریٹ لائٹس بھی گلیوں میں لگوائیں۔ ایسے علاقے جہاں برسوں سے پانی نلکوں میں نہیں آرہا تھا وہاں آج جماعت اسلامی کی کوششوں کے نتیجے میں پانی آنا شروع ہوگیا ہے۔یوسی 3 میں جماعت اسلامی کے یوسی چیئرمین سافٹ اسکلز کی تعلیم دے رہے ہیں ، الخدمت و جماعت اسلامی کے تحت 12 جنوری کو راشد لطیف اکیڈمی میں کورنگی کے نوجوان طلبہ و طالبات کے لیے بنوقابل ایپٹی ٹیسٹ 4.0 کا انعقاد کیا جائے گا۔عبد الجمیل نے کہا کہ جماعت اسلامی کا ہمیشہ سے ویژن رہا ہے کہ تعلیم کو عام کیا جائے ، اسی ویژن کے تحت ہم نے لانڈھی ٹاؤن میں کام شروع کیا ہے ۔ہمارے پیش نظر اس وقت سرکاری اسکول ہیں۔ ٹاؤنز میں 47 سرکاری سکولز ہیں، 27 سال بعد پہلی مرتبہ سرکاری اسکول کی طالبہ نے میڑک کے امتحان  میںپہلی پوزیشن حاصل کی۔  الحمدللہ تعلیم کا رجحان بڑھتا جارہا ہے۔

سرکاری ا سکولوں میں معیاری تعلیم نہ ہونے کی وجہ سے اسکول خالی ہیں، ہم اپنی بساط بھر کوششوں سے سرکاری سکولوں کے تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنائیں گے۔لانڈھی کے عوام کو اعلی تعلیم سے محروم کیا گیا ہے، ہم نوجوان طلبہ و طالبات کو فری آئی ٹی کورسز کروارہے ہیں اور کالجز و یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات کی بھی معاونت کریں گے ۔ چیئرمین یوسی 3 نادر علی خان لودھی نے کہاکہ ہم لانڈھی کے 90فیصد سیوریج کے نظام کو درست کرچکے ہیں۔ ہمارا ہدف  لانڈھی کے نوجوانوں اور مستقبل کے معماروں کو علم سے روشناس کروانا بھی ہے۔ تاکہ یہ ملک اور قوم کے مستقبل کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ ہماری یوسی میں اسکولوں کے 70 طلبہ و طالبات نے A1 اور 220 طلبہ و طالبات نے A گریڈ حاصل کیا ہے۔ ہم نے ٹی ایم سی لانڈھی کے تحت لانڈھی کے نوجوان طلبہ و طالبات کے لیے” اب وقت ہے آگے بڑھنے کا ”عنوان سے آئی ٹی کے کورسز شروع کردیے ہیں ۔ماہر تعلیم عظیم صدیقی نے کہا کہ یوسی 3 کراچی کی سب سے بہترین اور مثالی یوسی بننے جارہی ہے، یہاں سیوریج  اور دیگر عوامی مسائل سمیت تعلیم کے شعبے میں بہت کام کیے جارہے ہیںجو خوش آئند ہے ۔#