دریائے سندھ پر کینال نکالنے کا منصوبہ سندھ کو بنجر بنانے کے مترادف ہے، جماعت اسلامی سندھ

کراچی (صباح نیوز)جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکرٹری محمد یوسف نے کہا ہے کہ دریائے سندھ پر کینال نکالنے کا منصوبہ سندھ کو بنجر بنانے کے مترادف ہے۔پیپلزپارٹی اس میں برابر کی شریک ہے کیونکہ ایوان صدر میں بیٹھے ان کے کو چیئرمین نے اس ارڈیننس پر دستخط کئے ہیں۔مخالفت میں بیان بازی فیس سیونگ کے سوا کچھ نہیں ہے۔اقتدار کے حصول کی خاطر سندھ کے حقوق کی سودے بازی کرکے پیپلزپارٹی نے عوامی مینڈیٹ کی توہین کی ہے۔ جماعت اسلامی واحد سیاسی جماعت ہے جس نے آئی پی پیز کے ظالمانہ معاہدوںاورمہنگائی سمیت عام آدمی کے مسائل کو اٹھایا ہے۔ مرکزی امیر حافظ نعیم الرحمٰن کی زیر قیادت 14دنوں تک اسلام آباد دھرنا دیا۔ سندھ کے پانی کے حق کے لیے بھی جماعت اسلامی دریاء بچاؤ تحریک میں شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ دیانتدار قیادت ہی ملک کو بحران اور عوام کو مسائل سے نجات دلا سکتی ہے۔یہاں دو دنیا ہیں ایک حکمرانوں کی جس کا سب کچھ مفت تو دوسری جانب غریب آدمی کی جو مہنگائی بے روزگاری سمیت بے شمار مسائل کا شکار ہے۔ 26ویں ترمیم سے لیکر جتنی قانون سازی کی گئی وہ عام ادمی کے لیے نییں بلکہ اشرافیہ کے لیے ہے۔یہاں امیر و غریب کے لیے الگ الگ قوانین ہیں۔اس فرسودہ نظام میں عام آدمی کے مقدمے کا فیصلہ پوتے کو سنایا جاتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹھٹھہ، گھارو اور جھرک میں عوامی و تنظیمی اجتماعات سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی جنرل سیکریٹری الطاف احمد ملاح اور امیر ضلع ایڈووکیٹ مجید سموں نے بھی خطاب کیا۔ان کا مزید کہنا تھاکہ جماعت اسلامی کی تمام تر جدوجہد کا مقصد اقامت دین اور  انسانیت کی خدمت کے ذریعی رب کی رضا و فلاح اخروی ہے۔#