مریم نواز کا دورہ چین مکمل، چینی کمپنیاں پنجاب میں اربوں کی سرمایہ کاری پر رضامند

بیجنگ(صباح نیوز)وزیر اعلی پنجاب مریم نواز دورہ چین مکمل ہونے کے بعد وطن واپسی کے لیے روانہ ہوگئیں ایئرپورٹ پر مریم نواز کو چین کی ڈائیریکٹر فارن افیئرز مس ہیلن اور دیگر اعلی حکام نے رخصت کیا۔وزیراعلی پنجاب مریم نواز کا دورہ چین انتہائی کامیاب رہا ،وزیر اعلی مریم نواز نے کمیونسٹ پارٹی آف چائنا  کی جانب سے دی گئی سرکاری دعوت پر چین کا آٹھ روزہ دورہ کیا اور اس سرکاری دورے کے موقع پر سینیٹر پرویز رشید، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمی بخاری ،وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان اور وزیر زراعت عاشق کرمانی بھی  ان کے ہمراہ تھے۔وزیر اعلی مریم نواز شریف نے بیجنگ میں روبوٹک زرعی آلات بنانے والے ادارے اے آئی فورس ٹیک کا دورہ کیا اس کے علاوہ بلیو ٹیک ائیر الائنس، ہائی  جیا میڈیکل ، شی جی تان اسپتال اور بیجنگ میونسپل کمیشن آف ٹرانسپورٹ کے بھی دورے کیے۔

انہوں نے کیمونسٹ پارٹی آف چائنا کے منسٹر سے ملاقات اور ظہرانے میں شرکت بھی کی۔وزیر اعلی مریم نواز نے چین کے منسٹر ماحولیات سے بھی ملاقات کی جہاں انہوں نے ماحولیاتی آلودگی پر کانفرنس سے کلیدی خطاب بھی کیا اس کے علاوہ شنگھائی میں کیمونسٹ پارٹی آف چائنا کی میوزیم جنکو سولر کمپنی، ایکسپریمنٹل اسکول، ہواوے ٹیکنالوجیز ، بی جی آئی جینو مکس اور منہانگ ڈسٹرکٹ انڈسٹریل زون کے دورے بھی کیے۔وزیر اعلی مریم نواز شریف نے چائینہ کی حکمران جماعت کے اعلی سطحی وفود سے ملاقاتیں کیں پنجاب چین انویسٹمنٹ کانفرنس سے بھی خطاب کیا اس کے علاوہ ماحول دوست ٹرانسپورٹ، زراعت، ہیلتھ سمیت دیگر شعبوں میں چینی کمپنیوں سے ایم او یو  پر دستخط بھی کیے گئے۔وزیراعلی پنجاب مریم نواز کا دورہ چین انتہائی کامیاب رہا اور اس دوران چینی کمپنیوں نے پنجاب میں 13 ارب روپے سے زائد کی سرمایہ کاری کی یقین دہانی کرائی ہے، پنجاب میں معاشی ترقی اور عالمی شراکت داری کے فروغ کی جانب اہم پیشرفت ہوئی ہے اور مریم نواز کی میزبانی میں گزشتہ روز چین میں ہونے والی سرمایہ کاری کانفرنس کے بعد چینی کمپنیوں نے پنجاب میں سرمایہ کاری کا اعلان کردیا۔

پنجاب سرمایہ کاری کانفرنس میں چینی کمپنیوں کے ساتھ آئی ٹی، ماحولیات اور گرین انرجی کے اہم معاہدے ہوئے جبکہ وزیر اعلی مریم نواز شریف کی کاوشوں سے گوبی پارٹنرز نے پنجاب میں 50 ملین ڈالر (13 ارب 87 کروڑ 78 لاکھ 60 ہزار روپے) کے سرمایہ کاری فنڈ کے قیام کا اعلان کیا۔چینی کمپنی سولر این پلس اور حکومت پنجاب کے درمیان سولرٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے ایم او یو پر دستخط ہوئے جبکہ گوبی پارٹنرز اور بینک آف پنجاب کے درمیان معاہدہ طے پاگیا، گوبی فنڈ ٹیکنالوجی اسٹارٹ اپس کے فروغ کے لیے وقف ہوگا۔معاہدے کا مقصد پنجاب میں اسٹارٹ اپس اور ایس ایم ایز کے لیے مالیاتی نظام کو فروغ دینا ہے۔ گوبی فنڈ سے قرض کی فراہمی، ایکویٹی سرمایہ کاری، مالیاتی حل، اور رہنمائی پروگراموں کے ذریعے کاروبار کی مدد کی جائے گی۔اعلامیے کے مطابق گوبی فنڈ سے پنجاب میں کاروبار کو مضبوط کیا جائے گا اور خطے میں پائیدار ترقی کو یقینی بنایا جائے اور یہ پنجاب کو ایک پائیدار اور ڈیجیٹل معیشت کی جانب لے جائے گا، گوبی فنڈ پنجاب کو ٹیکنالوجی اور انٹرپرینیورشپ میں علاقائی لیڈر بنانے کے لئے وقف ہوگا۔کانفرنس میں پنجاب کی سرمایہ کاروں کیلئے منفرد اقتصادی مراعات پر آگاہی دی گئی تھی،

اعلامیے کے مطابق سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے پنجاب نے علاقائی اور عالمی سطح پر معیار کو پیچھے چھوڑ دیا ہے-   ٹیکس چھوٹ، اسپیشل انڈسٹریل زونز، اور دیگر سہولتوں کی وجہ سے پنجاب سرمایہ کاری کیلئے مثالی ہے-کانفرنس میں پنجاب حکومت اور چینی کاروباری اداروں کے درمیان پائیدار اور طویل المدتی شراکت داری کو فروغ دینے کیلئے تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ چینی کمپنی پنجاب میں گرین انرجی کو فروغ دینے کے لیے شمسی توانائی کے جدید منصوبوں پر کام کرنے پر رضامند ہوگئی ہے۔سولر این پلس پنجاب میں سنٹر کے قیام،سٹڈی،کیپسٹی بلڈنگ، جدید سولر ٹیکنالوجی متعارف کرانے کے لئے کام کرے گی۔