کراچی( صباح نیوز ) جماعت اسلامی سندھ کے امیر کاشف سعید شیخ نے کہا کہ حکمرانوں نے مشرقی پاکستان کے سانحے سے کوئی سبق نہیں سیکھا، بلاشبہ پاکستان اللہ کے فضل وکرم سے قائم ہے اور رہیگا، مگر اب تک برسراقتدار آنے والے حکمرانوں نے اس کی تباہی میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی۔ جنرل باجوہ کی توسیع سے لے کر 26ویں آئینی ترمیم تک ذاتی مفادات کے لیے یہ سب ایک ہوگئے مگر ملکی استحکام، دہشتگردی اور مہنگائی کے خاتمے کے لیے مل بیٹھنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ سندھو دریاء سندھ کے لوگوں کی زندگی کا ذریعہ ہے،اگر ہم پانی کے ڈاکہ پر بیدار نہ ہوئے تو ہماری تاریخ، تہذیب اور زراعت تباہ ہو جائے گی۔ صدر زرداری نے پہلے گریٹر تھر کینال سمیت سندھ دشمن منصوبوں کی منظوری دی تھی جنہیں عوام نے مسترد کیا تھا اور اب وہ دوبارہ سندھ کے دریا سے چھ کینال نکالنے کے بل پر دستخط کرکے سندھ کے لوگوں سے غداری کر رہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے میہڑ پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔ امیر صوبہ نے میہڑ اور خیرپور ناتھن شاہ میں رابطہ عوام ممبر سازی مہم کے حوالے سے منعقدہ اجتماعات اور کیمپ کے شرکاء سے بھی خطاب کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سندھ میں صاف پانی کا شدید بحران ہے، زمینیں بنجر ہو چکی ہیں اور پیپلز پارٹی کی حکومت نے سندھ میں تعلیم، صحت اور دیگر اداروں کو تباہ کر دیا ہے۔ سندھ سمیت ملک میں کروڑوں بچے تعلیم سے محروم ہیں اور اسکولوں اور کالجوں کی عمارتیں تباہ ہو چکی ہیں۔ نوجوان ڈگریاں حاصل کرکے نوکری نہ ملنے کی وجہ سے خودکشی کرنے پر مجبور ہیں۔ روزگار کے ذرائع صرف جیالوں افراد کے لیے مخصوص ہیں۔
کاشف شیخ نے سندھ میں امن و امان کی خراب صورتحال پر بھی تنقید کی اور کہا کہ دادو سمیت سندھ کے مختلف اضلاع میں عوام غیر محفوظ ہیں جبکہ چوری، ڈاکے معمول بن چکے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ ڈاکوؤں کے پاس اسلحہ کہاں سے آ رہا ہے اور ان کی پشت پناہی کون کر رہا ہے؟ ان کی جانچ ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ معصوم بچی پْریا کماری سمیت سندھ کے درجنوں لوگ اس وقت بھی ڈاکوؤں کے قبضے میں ہیں اور ان کے لیے کوئی سنجیدہ کوشش نہیں کی جا رہی۔ اس موقع پر ضلع دادو کے امیر عبدالرحمان منگریو، امت?از علی چانڈیو، شاہنواز نائچ، تاج محمد بروہی، پریس ترجمان ضلع دادو مسعود مدھوش سومرو، فہد بروہی اور دیگر رہنما بھی ان کے ساتھ موجود تھے۔ جماعت اسلامی تعلقہ میہڑکے رہنماؤں نے مہمانوں کا شاندار استقبال کیا اور سندھ کا ثقافتی تحفہ ٹوپی، اجرک اور پھولوں کے ہار پیش کیے۔#