بنو قابل پروگرام کراچی کے نوجوانوں کے لیے امید اور روشن مستقبل کی نوید ہے،منعم ظفر خان

کراچی(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا کہ مفت تعلیم دینا حکومت و ریاست کی ذمہ داری تھی لیکن یہ کام الخدمت اپنے پلیٹ فارم سے کررہی ہے۔ ملک کی آبادی میں 66فیصد نوجوان ہیں جو 30 سال کی عمرکے ہیں ،بنو قابل پروگرام کراچی کے نوجوانوں کے لیے اُمید اور روشن مستقبل کی نوید ہے ، نوجوان مایوس نہ ہوں دل لگا کر محنت کریں اور آگے بڑھیں۔ ہم نوجوانوں کو پڑھائیں گے، کراچی کے نوجوانوں کی قسمت میں صرف فوڈ پانڈہ اور خواتین کے لیے چنگ چی رکشے نہیں ،ظلم کی سیاہ رات ختم ہوگی اور عوام کو ان کا حق ضرور ملے گا۔  بلدیہ ٹاؤن کے ہزاروں نوجوان طلبہ و طالبات کا سرد رات میں بھی تعلیم کے حصول کے لیے جمع ہونا خوش آئندہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع کیماڑی و الخدمت کے تحت بلدیہ ٹاؤن فٹ بال گراؤنڈ میں بنوقابل اپٹی ٹیوٹ ٹیسٹ 4.0 کے ہزاروں طلبہ و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔تقریب سے سی ای او الخدمت کراچی و ڈائریکٹر بنوقابل پاکستان نوید علی بیگ ،امیر جماعت اسلامی ضلع کیماڑی مولانا فضل احد حنیف، پروفیسر سلیم مغل و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔جبکہ نظامت کے فرائض ڈپٹی سیکریٹری ضلع کیماڑ ی بلال جمیل اور مرزا ثوبان بیگ نے ادا کیے ، تقریب میں ورلڈ باکسنگ چیمپئین نادر بلوچ، ملائشیا میں جمپنگ  کے مقابلے میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والی نوعمر ماورا کامران ، بلیک بیلٹ حافظ عبد الحنان، پی ٹی وی کے  ینگ اسٹار رپورٹر اویس شہزاد،تائی کوآنڈو کے چیمپئین راحت اللہ لکی و دیگر بھی موجود تھے ۔خطاب سے قبل قائدین کے ہمراہ ہزاروں طلبہ و طالبات نے کھڑے ہوکر قومی ترانہ پڑھا۔ ٹیسٹ میں شریک طلبہ  وطالبات سے ایک گھنٹے کا تحریری ٹیسٹ لیا گیا،

منعم ظفر خان نے مزید کہا کہ نعمت اللہ خان کہا کرتے تھے کہ بلدیہ ٹاؤن شہر کے ماتھے کا جھومر ہے۔ بلدیہ ٹاؤن کے عوام محنت مزدوری کرتے ہیں اور اپنے بچوں کو تعلیم دلواتے ہیں۔ ہم نے اہل بلدیہ کے جوانوں کا ہاتھ تھام لیا ہے۔ ہم بلدیہ ٹاؤن کے ہزاروں طلبہ و طالبات کو پڑھائیں گے اور آگے بڑھائیں گے۔ ہم نے نوجوانوں سے وعدہ کیا ہے کہ مایوسی کے اندھیروں میں بھٹکنے نہیں دیں گے۔ 2 سال کے مختصر وقت میں تقریباً50 ہزار نوجوانوں کو آئی ٹی کی اسکلز دی۔انہوں نے کہا کہ علاقہ اقبال کے خواب اور قائد اعظم کی قیادت میں صرف کلمہ کی بنیاد پر 7 سال کے عرصے میں  برصغیر کے مسلمانوں نے علیحدہ وطن حاصل کیا ، وطنِ عزیز کے حصول کے لیے ہمارے آباؤاجداد نے اپنی جانوں کی قربانیاں دیں اور ان کا صرف ایک ہی نعرہ تھا کہ” بٹ کے رہے گا ہندوستان بن کر رہے گا پاکستان”، وطن عزیز کی آزادی کو 77 سال گزر گئے ہیںلیکن افسوس کہ ملک پر مسلط حکمران ٹولے اور طبقہ اشرافیہ کی وجہ سے یہ ملک اپنے مقصدِ وجود سے دور رہا ہے ،پاکستان کی ممتاز حیثیت ہے کہ یہاں بے شمار معدنیات اور وسائل بھی ہیں ،ہمیں ایسے حکمرانوںکی ضرورت ہے جو امانت دار اور ظلم کے نظام کا خاتمہ کرنے والے ہوں۔

سی ای او الخدمت کراچی و ڈائریکٹر بنوقابل پاکستان نوید علی بیگ نے کہا کہ  حافظ نعیم الرحمن کا ویژن ہے کہ شہر کے نوجوانوں کو تعلیم کے میدان میں آگے بڑھائیں۔ بنوقابل پروگرام پہلے صرف کراچی کے لیے تھا اب پورے پاکستان کے لیے ہے۔ ہم نوجوانوں کا ہاتھ نہیں چھوڑیں گے آگے مزید پڑھائیں گے۔الخدمت و جماعت اسلامی کے تحت تمام کورسز مفت کروائے جا رہے ہیں ، AI کے کورسز بھی کروائے جائیں گے۔ ہم نوجوان طلبہ و طالبات سے فیس نہیں لیں گے لیکن ہم معاوضے میں صرف یہ کہتے ہیں کہ آپ تعلیم پور ی کریں اور دل لگا کر پڑھیں۔ ہم تقریباً 50 ہزار طلبہ و طالبات کو کورسز کرواچکے ہیں جو ماہانہ 300 ڈالر کمارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے لیے تعلیم اور روزگار مواقع مسدود کردیے گئے ہیں۔ سرکاری یونیورسٹیوں میں بھی ایک سیمسٹر کی فیس لاکھوں روپے ہے۔ کراچی میں 5 لاکھ بچے میٹرک کے بعد آگے تعلیم حاصل نہیں کر پاتے۔ پاکستان سے چھوٹے ممالک بھی آئی ٹی کے میدان میں پاکستان سے 10 گنا زیادہ کام کررہے ہیں۔ بد قسمتی سے پاکستان میں آئی ٹی کی فیلڈ میں صرف 3.2 بلین ایکسپورٹ کی جارہی ہے۔

جب بنوقابل 1.0 شروع کیا تو اس وقت 5 کورسز اور 8 کمپس تھے۔ آج بنوقابل 4.0 میں 28 کورسز اور 55 مراکز قائم ہیں۔ امیر جماعت اسلامی ضلع کیماڑی مولانا فضل احد حنیف نے کہا کہ  بلدیہ ٹاؤن و ماڑی پور کے  ہزاروں نوجوان طلبہ و طالبات کے لیے بلدیہ ٹاؤن میں نئے کمپس کا قیام کیا گیا ہے،انہیں فری آئی ٹی کورسز کروائیں گے۔ بلدیہ ٹاؤن کو کچی آبادی سمجھ کر تعلیم، صحت، ٹرانسپورٹ سمیت بنیادی ضروریات سے محروم  رکھا گیا ہے۔ جماعت اسلامی عوام کو ان کا حق دلوائے گی ۔