لاہو ر(صباح نیوز) جماعت اسلامی پاکستان کے مرکز منصورہ میں سقوط ڈھاکہ اور بنگلہ دیش کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں استحکام پاکستان کنونشن منعقد ہوا سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم ،امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب مولانا جاوید قصوری، امیر جماعت اسلامی حلقہ لاہور ضیاء الدین انصاری ،سینئر صحافی تجزیہ کار سجاد میر ،حفیظ اللہ نیازی ،نائب امیر جماعت اسلامی لاہور ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد ،ملک شاہد اسلم، احمد بلال، علی ارتضیٰ حسنی ،میاں خبیب نذیر ،عبدالعزیزعابد، حسان بن سلمان ،مرزا عبد الرشید بھی شریک تھے،سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سقوطِ ڈھاکہ امت مسلمہ کا آخری سقوط تھا۔ البدر و الشمس نے جانیںدینے کا حق استعمال کرکے امت کو پیغام دیا کہ اب سقوط مملکت کا ہو اس کا انحصار اپنی فوج یا حکمرانوں پر نہیں بلکہ اس سقوط کو روکنے کیلئے اپنی مرضی سے لڑ کر مرنے کا حق ادا کرنا ہے آج اہل فلسطین وغزہ 45ہزار شہادتیں پیش کرنے کے باوجود غزہ کو چھوڑنے کے حق کی بجائے جانیں دینے کا حق استعمال کر رہے ہیں ،
امیر العظیم نے کہا پاکستان میں جمہوریت کی تعریف یہ ہے کہ مقبول قیادت کو قبول نہ کرو اوراپنی مرضی کی قیادت قوم پر مسلط کردو۔ 1970 کے بعد 12 انتخابات کے بعد بے یقینی بڑھی سول ملٹری اسٹبلشمنٹ نے الیکٹیبلز اور بین الاقوامی استعماری قوتوں کے گماشتوں کو اقتدار سے نواز کر پاکستان کو برباد کرکے رکھ دیا ہے ، انہوں نے کہا سب سے بڑے جاگیردار ذوالفقار علی بھٹو کو ہاریوں مزدوروں کا نمائندہ بنا کر متعارف کروایا گیا اور شیخ مجیب الرحمٰن کو مادر پدر آزادی دی گئی جماعت اسلامی نے مشرقی پاکستان کے ہر انتخابی حلقے میں امیدوار کھڑے کیے لیکن جماعت اسلامی کو کمپین اور مولانا سید ابو الاعلیٰ مودودی کو ڈھاکہ کے پلٹن میدان میں جلسہ نہیں کرنے دیا گیا اور آج بھی اسٹیبلشمنٹ ملک و قوم دشمن فیصلوں سے کوئی سبق حاصل کرنے کی بجائے 2024 کے انتخابات میں فارم 47 کے تحت ایم کیو ایم کو کراچی میں ان اور جماعت اسلامی کو آوٹ کردیا جس سے ثابت ہوگیا کہ پاکستان میں جمہوریت اسٹیبلشمنٹ امریکہ اور عالمی استعماری طاقتیں کنٹرول کرتی ہیں ۔
امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب مولانا جاوید قصوری نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا بنگلہ دیش میں ظالم حسینہ واجد نے جماعت اسلامی کے بے گناہ رہنماؤں و کارکنوں کو پھانسیاں دیں لیکن اس کے باوجود حسینہ واجد جماعت اسلامی بنگلہ دیش کو سرنگوں کرنے میں ناکام ہوئی اور اللہ تعالیٰ نے جماعت اسلامی بنگلہ دیش کو سرخرو کیا اور آج حسینہ واجد بھارت میں روپوشی کی زندگی بسر کر رہی ۔امیر جماعت اسلامی حلقہ لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستان اور بنگلہ دیش عوام بھائی بھائی ہیں آج بنگلہ دیش میں بنگلہ دیش کے عوام کی پاکستانی تقریب میں جوق در جوق شرکت سے اہل پاکستان اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کررہے ہیں کہ پاکستان اور بنگلہ دیش ایک دوسرے کے پھر سے قریب ہو گئے ہیں۔