جہلم (صباح نیوز) گرین ٹریکٹر سکیم کے تحت ضلع جہلم کے 68 خوش نصیب افراد میں ٹریکٹر کی چابیاں تقسیم کردی گئیں۔مسلم لیگ ن کے رہنما ورکن قومی اسمبلی بلال اظہر کیانی نے کہاہے کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کسانوں اور کاشتکاروں کی قسمت بدلنے کے لیئے متحرک ہیں،12.5 ایکٹر سے 25 ایکٹر تک گندم کاشت کرنے والے کاشتکاروں کو بطور انعام مفت ٹریکٹر دیئے جائیں گے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق ضلع جہلم میں گرین ٹریکٹر سکیم کا آغاز کر دیا گیا۔ گرین ٹریکٹر سکیم کے تحت ضلع جہلم کے 68 خوش نصیب افراد میں ٹریکٹر کی چابیاں تقسیم کی گئیں، ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی جہلم کے کنوینر / رکن قومی اسمبلی بلال اظہر کیانی نے ایم این اے چوہدری فرخ الطاف، ڈپٹی کمشنر جہلم اور محکمہ زراعت کے افسران کے ہمراہ گرین ٹریکٹر سکیم کا افتتاح کیا،
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم این اے بلال اظہر کیانی نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کسانوں اور کاشتکاروں کی قسمت بدلنے کے لیئے متحرک ہیں۔ پہلے مرحلے میں ضلع جہلم کے 68 کاشتکاروں کو گرین ٹریکٹر فراہم کیئے جا رہے ہیں،خوش نصیب کسانوں کو ٹریکٹر پر 10 لاکھ روپے کی سبسڈی دی جا رہی ہے اور 12.5 ایکٹر سے 25 ایکٹر تک گندم کاشت کرنے والے کاشتکاروں کو بطور انعام مفت ٹریکٹر دیئے جائیں گے، وزیراعلی پنجاب کی طرف سے قلیل مدت میں کئی منصوبہ جات شروع کیئے گئے جن میں سولر پینل کی فراہمی، گرین ٹریکٹر سکیم، کسان کارڈ، لائیو سٹاک کارڈ حکومت کی بہترین کارکردگی کا عملی ثبوت ہے؛ حکومت پنجاب کسانوں کی فلاح و بہبود کے لیئے تاریخ ساز اقدامات کر رہی ہے جس سے کسان بھرپور استفادہ اٹھا رہے ہیں۔