لاہور(صباح نیوز)ترکیہ کے قونصل جنرل ڈاکٹر علی ارباش کی سربراہی میں ترکش وفد کی الخدمت فاؤنڈیشن ہیڈآفس آمد، نائب صدور سید احسان اللہ وقاص ،ڈاکٹر مشتاق مانگٹ نے ٹیم کے ہمراہ معزز مہمانو ں کا استقبال کیا بعدازاں دفتر کا دورہ کروایا اور الخدمت کے پراجیکٹس پر بریفنگ دی۔
ترکیہ قونصل جنرل ڈاکٹر علی ارباش کی سربراہی میں ترکش وفد نے اختتامی تقریب میں شرکت کی۔ قونصل جنرل ڈاکٹرعلی ارباش نے اس موقع پر اظہارخیال کرتے ہوئے پاکستان اور ترکیہ کے عوام کی لازوال محبتوں کا تذکرہ کیا،الخدمت کے پراجیکٹس اور خدمات پرخراج تحسین پیش کرتے ہوئے اشتراک عمل کوجاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر نائب صدور سید احسان اللہ وقاص ،ذکر اللہ مجاہد، ٹکا کے پروگرام کوارڈینیٹر محسن بلچی ،ترکش ائیرلائنز کے پاکستان میں سربراہ عمر اوندر سمیت ٹرینرز اورالخدمت ڈیزاسٹرمینجمنٹ کی ٹیم موجود تھی۔ سید احسان اللہ وقاص نے بتایا کہ اس ٹریننگ ورکشاپ کا مقصدرضا کاروں کو حادثات سے نمٹنے کے لیے تیار کرنا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس سے قبل ترکش سرکاری این جی اوٹکا نے الخدمت ڈیزاسٹرمینجمنٹ کو ریسکیو اینڈ رسپانس سے متعلق سامان فراہم کیا۔ الخدمت کے40 رضاکار خصوصی ٹریننگ ورکشاپ میں شریک ہوئے جن میں ترکیہ کے 2023 زلزلے کے دوران الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے بطور رضاکار خدمات سرانجام دینے والے ریسکیو اہلکار بھی شریک ہوئے،رضاکاروں کو بیسک لائف سپورٹ، فائر ایمرجنسی، واٹر ایمرجنسی، ہائیٹ ریسکیو سے متعلق ٹریننگ دی گئی۔ ٹریننگ میں شریک الخدمت کے 40رضاکاروں میں سرٹیفکیٹ و اعزازی اسناد تقسیم کی گئیں۔