نیلم (صباح نیوز) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیرگلگت بلتستان کے امیر ڈاکٹر محمد مشتا ق خان نے کہاہے کہ وادی نیلم کے مسائل کے ذمہ دارباریاں لگانے والے نالائق حکمران ہیں،وادی نیلم کو اللہ تعالیٰ نے قدرتی حسن اور معدنیات سے مالامال کیاہواہے ،صرف روبی پتھر ہی نکالاجائے تو پاکستان کے سارے قرضے ختم ہوسکتے ہیں،آزاد خطو ں کے وسائل نالائقوں نے بروئے کار ہی نہیں لائے،ہمارے حکمران اپنی ذات سے آگے نہ بڑھ سکے،جماعت اسلامی ظالمانہ نظام کے شکنجے سے قوم کو نجات دلائے گی،جماعت اسلامی کے پاس نوجوانوں کے لیے بہترین پروگرام موجود ہے،
ان خیالا ت کااظہارانھوں نے اپنے دورہ نیلم لوئر کے دوران میں یونین کونسلز میں تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پرقائمقام امیر ضلع لوئر نیلم ساجد حسین ،سابق امیرضلع عنایت قاسمی ،سیکرٹری ضلع راجہ امتیاز سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا،
تقربیات سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمدمشتاق خان نے کہاکہ 77برس بیت گئے مگر نیلم ابھی تک پسماندہ ہے ،گانئی ڈاکٹر تک کا نہ ہونا ظلم ہے جو حکمران اپنی عوام سے کررہے ہیں،جماعت اسلامی ریاست کے آزاد خطوں کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے جدوجہد کررہی ہے،جماعت اسلامی عوام اور نوجوانوں کوبے یارومدگار نہیں چھوڑیگی ،حکومت بروقت مسائل حل کرے تو عوام کو احتجاج کی نوبت ہی نہ آئے،احتجاج سے مسائل حل کرانا اچھا کلچر نہیں ہے،
انھوں نے نیلم کے لیے بجٹ میں اضافی رقم مختص کی جائے مگر یہ اضافہ رقم کرپشن کی نذر نہ ،نیلم میں پل تعمیر کیے جائیں ہسپتال اور تعلیمی ادارے قائم کیے جائیں ڈاکٹرز کا اہتمام کیاجائے،انھوںنے کہاکہ آمدہ انتخابات میں عوا م نے جماعت اسلامی پر اعتماد کیاتو اس وادی کے سارے بنیادی مسائل حل کردیںگے۔