سری نگر: جموں میں ضلع ڈودہ خصوصی عدالت میں7 کشمیریوں کے خلاف حریت پسندانہ سرگرمیوں کے الزام میںفرد جرم عائد کر دی گئی ہے ڈوڈہ کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سندیپ مہتا نے تصدیق کی کہ این آئی اے کی عدالت میں چارج شیٹ داخل کردی گئی ہے۔ ملزمان پر مجاہدین کو خوراک اور پناہ گاہ فراہم کرنے کا الزام ہے ۔ بھارتی حکام اکثراپنے جابرانہ اقدامات کو جواز بخشنے اور معصوم کشمیریوں کی املاک کو ضبط کرنے کے لیے اس طرح کے الزامات لگاتے ہیں۔
پہلا مقدمہ جو رواں سال کے شروع میں گندوہ پولیس اسٹیشن میں درج کیا گیا تھا اوراس میں تین افرادصفدر علی، مبشر حسین اور سجاد احمدکو نامزد کیاگیا تھا، یہ تینوں ٹانٹہ کہارا علاقے کے رہائشی ہیں۔ انہیں تعزیرات ہند کی مختلف دفعات اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون کے تحت الزامات کا سامنا ہے۔بھدرواہ تھانے میں درج دوسرے مقدمے میں محمد رفیع اور محمد امین بٹ سمیت چار دیگر ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے۔ ان کے خلاف یو اے پی اے اور انڈین آرمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیاگیا ہے۔