ظلم اور ناانصافیوں کے بازار گرم اور مہنگائی کے بم گرانے والے حکمران شام اور بنگلہ دیش کی صورتحال سے سبق سیکھیں، کاشف سعید شیخ

لاڑکانہ ( صباح نیوز)جماعت اسلامی سندھ کے امیر کاشف سعید شیخ نے کہا ہے کہ عوام کے حقوق پر حملہ غضب ، ظلم ، ناانصافیوں کا بازار گرم اور مہنگائی کے بم گرانے والے حکمران شام اور بنگلہ دیش کی صورتحال سے سبق سیکھیں، ‘تنگ آمد بجنگ آمد’ اگر عوام میدان میں آگئی تو ظالم حکمرانوں کو فرار ہونے کا موقع بھی نہیں ملے گا۔

سندھ میں قابلیت کے بجائے سیاسی اور اپنوں کو نوازنے کی بنیاد پر نااہل افراد کی بھرتی نے ہر ادارے کو تباہی کے دہانے پر پہنچادیا ہے، سب سے زیادہ کرپشن اور بربادی محکمہ تعلیم میں ہے جو صوبہ سندھ اور نوجوان نسل کے ساتھ سراسر ظلم ہے۔ دس سال گزر جانے کے باوجود جامشورو سے سیہون ڈبل روڈ نہ بننا سندھ حکومت کی کرپشن اور نااہلی کا کھلا ثبوت  ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اسلامی لاڑکانہ میں مقامی عہدیداروں کی حلف برداری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

کاشف سعید شیخ نے مزید کہا کہ سندھ کے پانی پر ڈاکے کے معاملے پر پیپلزپارٹی حکومت کا دوہرا معیار ہے اسے احتجاج یا بیان بازی کے بجائے عملی میدان میں آنا چاہیے۔ عوام نے تمام جماعتوں کو آزمایا ہے، پ پ 16 سال سے مسلسل صوبے کی اقتدار پر مسلط ہے جس نے عوامی مینڈیٹ پر سودے بازی کرکے سندھ کے وسائل کی لوٹ مار اور اپنے ذاتی مفادات کو پورا کیا ہے۔

جماعت اسلامی کی دیانت دار قیادت ہی سندھ کو خوشحال اور عوام کے مسائل حل کر سکتی ہے۔ جماعت اسلامی کی ممبرسازی کی مہم جاری ہے جو 15 دسمبر تک جاری رہے گی۔ اس موقع پر ضلعی امیر ایڈوکیٹ نادر علی کھوسہ، قاری ابوزبیر جکھرو، سندھ ہائی کورٹ بار کے سابق صدر عاشق دھامراہ اور مقامی امیر رمیز راجہ شیخ نے بھی خطاب کیا۔