جموں(صباح نیوز) مقبوضہ جموں و کشمیر کے وزیر اعلی عمر عبد اللہ نے مودی حکومت کی پالیسی سے اختلاف کرتے ہوئے کہا کہ روہنگیا پناہ گزینوں کو ہم انہیں بھوک اور سردی سے مرنے کے لیے نہیں چھوڑ سکتے۔ میڈیا سے بات چیت میں عمر عبداللہ نے روہنگیا پناہ گزینوںکے مسئلہ کو انسانی بحران قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت کو اس معاملے میں واضح پالیسی اختیار کرنی چاہیے۔
روہنگیا پناہ گزینوں کے لیے اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے عمر عبد اللہ نے کہا کہ اگر انہیں واپس بھیج سکتے ہیں تو بھیج دیں لیکن اگر یہ ممکن نہیں ہے تو ہم انہیں بھوک اور سردی سے مرنے کے لیے نہیں چھوڑ سکتے۔عمر عبد اللہ کا کہنا ہے کہ جب تک روہنگیائی پناہ گزیں یہاں ہیں تو ان کے ساتھ انسانوں جیسا سلوک کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ ہم نے انہیں یہاں نہیں بلایا ہے، اگر بھارتی حکومت کی پالیسی بدل گئی ہے تو انہیں جہاں چاہیں لے جائیں۔ لیکن انہیں جانوروں کی طرح تو نہیں رکھا جا سکتا۔
ساتھ ہی انہوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ اس ایشو کو سیاسی عینک سے دیکھنے کے بجائے انسانی نقطہ نظر سے دیکھیں۔ عمر عبد اللہ نے یہ بھی کہا کہ ہندوستان جیسے ملک کے لیے یہ ضروری ہے کہ وہ اپنی روایات اور ذمہ داریوں کے مطابق ان پناہ گزینوں کا خیال رکھے۔ ادھر جموں میں روہنگیا پناہ گزیں کنبوں کے خلاف کریک ڈاون جاری ہے جموں میں 409 روہنگیا پناہ گزیں کنبوں کی پانی اور بجلی کی سپلائی بند کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔