پشاور(صباح نیوز)پشاور پریس کلب کے باہر انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر عافیہ موومنٹ کے پی کے زیر اہتمام ڈاکٹرعافیہ کی رہائی کے لیے ایک روزہ عافیہ رہائی کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس کی قیادت انعام اللہ مروت ، وسیم عباس ، محمد عارف ، صدام بیگ اور عبداللہ کر رہے تھے۔اس کیمپ میں مختلف مکتب فکر افراد نے شرکت کی ۔ کیمپ کے شرکاء نے عافیہ کی رہائی کے لیے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جس پر عافیہ کی رہائی کے نعرے درج تھے۔شرکاء نے انسانی حقوق کی تنظیموں سے عافیہ کی رہائی کے لیے بھر پور کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وسیم عباس نے کہا کہ آرمی چیف سید عاصم منیر بھی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے کردار ادا کریں تاکہ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لیے جو خط وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے امریکی صدر جو بائیڈن کو لکھا ہے اس میں پیش رفت ہوسکے ۔انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان نے پاکستان کے تمام شہریوں کے تحفظ کا حلف اٹھا رکھا ہے اس لیے ہم ان سے بھی اپیل کررہے ہیں۔
انعام اللہ مروت نے کہا کہ دنیا بھر کی انسانی حقوق کی تنظیموں کی عافیہ کی رہائی پر خاموشی شرمناک اور انسانیت کے منہ پر طمانچہ ہے۔مغرب کی انسانی حقوق کی تنظیموں کی عافیہ کی رہائی پر خاموشی ان کی دوغلی پالیسی کو واضح کرتی ہے جو کہ افسوس ناک ہے۔یوتھ منسٹر مذہبی امور محمد عدنان خان نے کہا کہ وہ فیڈرل یوتھ پارلیمنٹ میں عافیہ کی رہائی کے لیے خصوصی سیشن بلانے کے لیے بھر پور کوشش کریں گے تاکہ نوجوان نسل زیادہ سے زیادہ عافیہ کی رہائی کے قافلے میں شامل ہوسکیں ۔محمد عارف نے کہا کہ عافیہ کی رہائی تک مسلسل جدوجہد جاری رکھیں گے اور وہ وقت دور نہیں جب عنقریب ہماری جدوجہد اللہ کے حکم سے رنگ لائے گی اور ڈاکٹر عافیہ صدیقی مادر وطن واپس لوٹیں گی۔