راولپنڈی(صباح نیوز)سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع ژوب میں کامیاب آپریشن کرتے ہوئے 15 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر کامیاب کارروائی ژوب کے علاقے سمبازہ میں کی۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آپریشن کے دوران 15 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔ترجمان پاک فوج کے مطابق دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں سپاہی عارف الرحمن (عمر 32 سال)ساکن ضلع مانسہرہ بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے،سیکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے میں موجود کسی اور خارجی کو بے اثر کرنے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن کیا جا رہا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز قوم کے شانہ بشانہ ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں اس عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں