وزیراعظم کی صدیق الفاروق کی صحت یابی کیلئے دعا

 اسلام آباد(صباح نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف کی مسلم لیگ(ن)کے سابق سیکرٹری اطلاعات صدیق الفاروق کی صحت یابی کیلئے دعا کی ہے ،وزیراعظم شہباز شریف کی نمائندگی سینیٹر عرفان صدیقی نے کی، وزیراعظم کی طرف سے گلدستہ پیش کیا، نیک تمنائیں پہنچائیں ۔ وزیراعظم شہباز شریف کی نمائندگی کرتے ہوئے سینیٹ میں پارلیمانی پارٹی لیڈر سینیٹر عرفان صدیقی منگل کو پاکستان مسلم لیگ (ن)کے سابق سیکرٹری اطلاعات صدیق الفاروق کے گھر گئے اور وزیراعظم کی طرف سے صدیق الفاروق کی عیادت اور مزاج پرسی کی۔

سینیٹر عرفان صدیقی نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے صدیق الفاروق کو گلدستہ پیش کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعظم کو آپ کی صحت کے حوالے سے تشویش ہے اور انہوں نے اس سلسلے میں آپ کے علاج معالجے کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم نے دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کو جلد مکمل صحت سے نوازے اور آپ پہلے کی طرح مسلم لیگ (ن) کے لئے متحرک کردار ادا کریں۔

سینیٹر عرفان صدیقی نے صدیق الفاروق کی اہلیہ اور بیٹی سے کہا کہ وہ صدیق الفارق کی صحت کے حوالے سے آگاہ رکھیں اور کسی بھی خدمت کی ضرورت ہو تو رابطہ کریں۔ صدیق الفاروق نے وزیراعظم کی طرف سے نیک تمنائوں اور صحت کے لیے دعائوں پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میری طرف سے وزیراعظم شہباز شریف کو مبارک پیش کریں کہ انہوں نے انتہائی مشکل حالات میں قوم کی کشتی کو سنبھالا ہے اور انتھک محنت کے ذریعے پاکستان کی معیشت کو بہتری کی راہ پر گامزن کر دیا ہے۔ انہوں نے سینیٹر عرفان صدیقی کی آمد پر بھی شکریہ ادا کیا۔