راولپنڈی(صباح نیوز)پاکستان پیپلزپارٹی کے تحفظات دور کرنے کے لیے مسلم لیگ(ن) اور پی پی کی رابطہ کمیٹی کے درمیان اہم بیٹھک ہوئی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق دونوں سیاسی جماعتوں کے وفود کی اہم بیٹھک پنجاب ہاوس کی گورنر انیکسی میں ہوئی۔مسلم لیگ ن کی جانب ڈپٹی وزیر اعظم اسحاق ڈار، مشیر وزیراعظم رانا ثنا اللہ ، وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ، اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان، احد چیمہ اور امیر مقام بھی ملاقات میں موجود تھے۔
پیپلز پارٹی کا9 رکنی وفد راجہ پرویز اشرف کی قیادت میں میں موجود تھا، جس میں نوید قمر، شیری رحمان، وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ ،وزیر اعلی بلوچستان سرفراز بگٹی، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر، گورنر خیبرپختنخوا فیصل کریم کنڈی، سابق گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود اور علی حیدر گیلانی بھی شریک ہوئے،ذرائع کے مطابق اس اہم بیٹھک میں دونوں جماعتوں کے درمیان پیدا ہونے والے ڈیڈلاک کے خاتمے کے حوالے سے پیشرفت متوقع ہے۔