راجہ حق نواز کاعوامی ایکشن کمیٹی اور حکومت آزاد کشمیر کے درمیان معاہدے کا خیرمقدم


 اسلام آباد۔جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے قائم مقام چئیرمین راجہ حق نواز خان نے جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی اور حکومت آزاد کشمیر کے درمیان طے پانے والے معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے احتجاج کے پرامن اختتام پر اطمنان کا اظہار کیا ہے۔
سنٹرل انفارمیشن آفس سے جاری بیان کے مطابق جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے قائم مقام چیئرمین نے پرامن جلسے جلوسوں پر عملا پابندی عائد کرنے والے صدارٹی آرڈیننس کی منسوخی، اس کے خلاف منعقد متعدد احتجاجی مظاہروں کے دوران گرفتار شدگان کی غیر مشروط رہائی اور سینکڑوں مظاہرین کے خلاف دائر مقدمات کی واپسی کے مطالبے کے ساتھ جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی طرف سے 5  دسمبر سے احتجاجی تحرک کے آغاز کرنے کو بروقت اور درست فیصلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ تحریک کے حق میں آزاد کشمیر بھر سے عوامی ردعمل مثالی و دیدنی تھا۔
انہوں نے جائز اور حق و انصاف پر مبنی مطالبات کی منظوری کو عوام کی فتح سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ صورتحال کو صحیح طرح سے بھانپنے اور دیر آید درست آید کے مصداق عوامی مطالبات کے سامنے سر تسلیم خم کرنے پر حکومتی اقدام کی بھی تعریف کی۔راجہ حق نواز خان نے جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے جملہ رہنماوں، شرکائے احتجاج اور عوام کو بالخصوص مبارکباد دیتے ہوئے جملہ اکابرین کو مثالی و مخلصانہ کردار ادا کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے جائز حقوق کی بحالی کے لئے یخ بستہ سردی میں سربکف سراپا احتجاج ہونے اور کاروبار کی بندش و ضروری ذاتی و اجتماعی کاموں کی انجام دہی کے بجائے عوامی حقوق کی بازیابی کی تحریک کو ترجیح دینے والے عمل کو اعلی اور عظیم حب الوطنی سے تعبیر کیا۔قائم مقام چیئرمین نے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے ساتھ جموں کشمیر لبریشن فرنٹ و سٹوڈنٹس لبریشن فرنٹ کے جملہ رہنماوں، ذمہ داروں و کارکنون کی طرف سے تحریک میں کلیدی و صفحہ اول کا کردار ادا کرنے پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خوب سراہا۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی لیڈران کا یہ جذبہ قابل تعریف ہے کہ گرفتار اور مقدمات دائر ہونے کے باوجود انہوں نے نہ صرف استقامت کا مظاہرہ بلکہ وہ تحریک میں ہمہ وقت پیش پیش رہے۔ راجہ حق نواز خان نے جموں کشمیر لبریشن فرنٹ ضلع کوٹلی کے صدر عرفان کشمیری سمیت جملہ گرفتار ہونے والے حریت پسندوں کو خراج تحسین پیش کیا۔بیان کے مطابق راجہ حق نواز خان نے آزادی و حریت پسند قوتوں کو قومی تحریک آزادی کے حصول کے لئے متحد و منظم رہنے پر زور دیا۔ انہوں نے اتحاد اور ایکدوسرے پر اعتماد کی بحالی کو وقت کی ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ انتشار اور تقسیم تحریک آزادی کے لئے سم قاتل ہے۔ راجہ حق نواز خان نے کہا کہ سیزفائر لائن کے دونوں اطراف ریاست جموں کشمیر کی عوام کی طرف سے پیش کردہ بے مثال قربانیوں کا تقاضا ہے کہ جذباتیت کے بجائے ہمیں عقل و دانش اور اخلاص کے ساتھ بغیر کسی نمود و نمائش کے اپنا مثبت کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔