کوئٹہ(صباح نیوز)ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے کہا ہے کہ بلوچستان ہمارا صوبہ ہے، ہماری جدوجہد بلوچستان کے عوام کیلئے ہے ہمیں پرانی غلطیوں سے سیکھ کر آگے بڑھنا چاہیے، تاجر برادری کو درپیش مسائل سے متعلق تاجروں کی وزیر اعظم و دیگر وفاقی وزرا و سیکرٹریز سے ملاقاتیں کروائی جائیں گی۔ چیزوں کی بہتری کیلئے صرف حکومت نہیں بلکہ تمام سیاسی، قومی و مذہبی جماعتوں سمیت ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کو اپنی ذمہ داری نبھانے کی ضرورت ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان میں تاجروں کے ساتھ منعقدہ اجلاس سے اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ کے صدر محمد ایوب مریانی، سینئر نائب صدر حاجی اختر کاکڑ و دیگر موجود تھے۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے کہا کہ بلوچستان ہمارا صوبہ ہے، ہماری جدوجہد بلوچستان کے عوام کیلئے ہے یہاں بیٹھے لوگوں سے تعلقات رہے ہیں، سینیٹ ہائوس آف فیڈریشن ہے جہاں تمام صوبوں کو یکساں نمائندگی حاصل ہے، ہر صوبے کے سینیٹرز اپنی بساط کے مطابق کام کررہے ہیں، ہمیں پرانی غلطیوں سے سیکھ کر آگے بڑھنا چاہیے۔
پاکستان میں میگا منصوبے جمہوری حکومتوں کے دور میں مکمل ہوئے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن)ملک کو لیکر آگے بڑھ رہی ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف اور ان کی مکمل ٹیم اپنا کام کررہے ہیں جس کے مستقبل میں مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے بہت زیادہ منصوبے بلوچستان کے حوالے سے شامل ہیں۔ روزگار کا مسئلہ اہم ہے اور اسے حل ہونا چاہیے۔ انہوں نے تجویز دی کہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے 10بڑے مسئلوں کو تحریری شکل دیں تاکہ اس کو وزیر اعظم کے سامنے رکھیں اور تاجروں کی وفاقی وزراء و سیکرٹریز سے ملاقاتیں کروائی جائیں گی تاکہ ان کے مسائل کو حل کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ تجارت کیلئے امن و امان اور سیاسی استحکام ضروری ہے اور دنیا و بیرونی سرمایہ کاروں کے بھی مطالبات ہیں اور اس وقت حکومت اور سیکورٹی ادارے سنجیدگی کے ساتھ کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر تجارت جام کمال سنجیدہ و قابل آدمی ہیں، وزیر اعظم شہباز شریف سے حال ہی میں میری اور جام کمال کی ملاقات ہوئی ۔ انہوں نے کہا کہ چیزوں کی بہتری کیلئے صرف حکومت نہیں بلکہ تمام سیاسی، قومی و مذہبی جماعتوں سمیت ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کو اپنی ذمہ داری نبھانے کی ضرورت ہے، ہمیں چیزوں کو مثبت طور پر پیش کرنا چاہیے ، آج کل کسی ادارے یا قوم کو گالی دینا بڑا آسان کردیا گیا ہے جو قابل افسوس ہے۔
چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ کے صدر محمد ایوب مریانی و دیگر نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر کو چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے بلوچستان کی تاجر برادری کو وفاقی محکموں سے متعلق درپیش چیلنجوں سے آگاہ کیا اور بتایا کہ تاجروں کو بینکنگ سیکٹر، ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے وفود میں چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ کو نمائندگی دینے،پاکستان،ایران اور افغانستان کا ٹرائی لیٹرل ایگزیبیشن کے انعقاد کیلئے متعلقہ حکام کے ساتھ معاملہ اٹھانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ بلوچستان میں مقامی انڈسٹری مائنز میں امن و امان کی گھمبیر صورت حال کی وجہ سے یہ شعبہ بری طرح متاثر ہوا ہے، بلوچستان میں انکم ٹیکس ٹریبونل نوٹیفکیشن جاری ہونے کے ڈھائی سال بعد بھی بحال نہیں ہو سکا ہے جس کی وجہ سے بلوچستان کے تاجروں کو کراچی جانا پڑتا ہے۔ حاجی اختر کاکڑ نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف بلوچستان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔