پنجاب کو اقتصادی اور معاشی بلندیوں پر لے کر جانا چاہتے ہیں،مریم نواز

بیجنگ(صباح نیوز)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ چین کے اشتراک سے پنجاب کو اقتصادی اور معاشی بلندیوں پر لے کر جانا چاہتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ پنجاب نے چین کے آٹھ روزہ دورے پر بیجنگ میں کیمونسٹ پارٹی آف چائنا کے اعلی سطح وفد سے ملاقات میں کیا۔ جواباً سربراہ چینی وفد نے کہا کہ وزیر اعلی مریم نوازشریف اور ان کے وفد کی آمد پر دل کی گہرائیوں سے شکریہ اداکرتے ہیں۔

قبل ازیں بیجنگ ایئرپورٹ پہنچنے پر وزیراعلی پنجاب اور ان کے وفد کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف کو بیجنگ ایئر پورٹ پہنچنے پر گلدستہ پیش کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ پاک چین دوستی بلندی کی انتہا کی طرف گامزن ہے۔ اور چین کے اشتراک سے پنجاب کو اقتصادی اور معاشی بلندیوں پر لے جانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اور پنجاب کے عوام کی طرف سے اہل چین کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کے استقبال کیلئے کیمونسٹ پارٹی آف چائنا کے 6 اعلی عہدیدار ایئر پورٹ پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا استقبال کرنے والوں میں کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل لن تا، قونصلر ساتھ ایشین افیئرمسز لی جین یان، بیورو آف ساتھ ایسٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر چن ژاینبو ساتھ ایشین افیئر اتاشی، سینگ گویو اور مس چن یو بو اور مس ژ چن یوشامل تھے۔ چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی اور ان کی اہلیہ نے بھی خیر مقدم کیا۔پاکستانی سفارت خانے کے دیگر افسران نے بھی پنجاب کے وفد کے استقبال کیلئے ایئر پورٹ پر موجود تھے۔ مریم نواز کے ہمراہ  سینیٹر پرویز رشید، سینئر وزیر مریم اورنگزیب،وزیر اطلاعات و ثقافت عظمی زاہد بخاری،وزرا بلال اکبر،عاشق کرمانی اور دیگر افراد ہیں۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز کے8 روزہ دورے کی سرکاری مصروفیات کا آغاز آج (بروز پیر)سے ہوگا۔ مریم نواز چین کے اسپتال ، اسکول اور دیگر اداروں کے دورے بھی کریں گی۔ واضح رہے کہ مریم نواز چین کا سرکاری دورہ کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون وزیر اعلی ہیں۔ وہ 15 دسمبر تک چین کے دورے پر رہیں گی۔ انہیں چین کی حکمران جماعت کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی طرف سے دورہ چین کی دعوت دی گئی تھی۔ مریم نواز بیجنگ، شنگھائی، شن ژین اور گوانگ ژو کا دورہ کریں گے۔ جبکہ چین کے وزرا، اعلی حکام، ماہرین سے ملاقاتیں، تقاریب اور کانفرنس میں بھی شرکت کریں گی۔