مری میں موسم سرما کی پہلی برف باری، سیاحوں نے ملکہ کوہسار کا رخ کرلیا

اسلام آباد (صباح نیوز)ملکہ کوہسار مری میں موسم سرما کی پہلی برف باری کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، جس کے باعث موسم مزید سرد ہوگیا ہے۔ موسم سرما کی پہلی برف باری کے باعث سیاحوں نے ملکہ کوہسار کا رخ کرلیا ہے۔ دوسری جانب آزاد کشمیر کے بالائی علاقوں میں برف باری اور کہیں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ادھر پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے کہا ہے کہ مری میں برف بری اور بارش کا سلسلہ جاری ہے جو آئندہ 24 گھنٹوں تک جاری رہے گا۔

ترجمان پی ڈی ایم اے نے کہاکہ بارش اور برف باری کے باعث سڑکوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوسکتی ہے، اس لیے انتظامیہ کی جانب سے نمک کا چھڑکا کیا جارہا ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے مری انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی قسم کی غفلت کا مظاہرہ نہ کیا جائے۔ ڈی جی نے ہدایات دیتے ہوئے کہاکہ ہیوی مشینری کے استعمال سے برف کو ساتھ ساتھ ہٹایا جائے اور شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا جائے۔  انہوں نے کہاکہ مری میں سیاحوں کی رہنمائی کے لیے 13 فسیلی ٹیشن مراکز قائم ہیں، شہری احتیاط کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔