عمران خان کی سول نافرمانی کی کال مضحکہ خیز ہے، ناکام ہو گی: عطا تارڑ


لاہور(صباح نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی سول نافرمانی کی کال مضحکہ خیز ہے، ان کی سول نافرمانی کی کال ناکام ہوگی۔، یہ انتشار چاہتے ہیں جس کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی، ملک میں انتشار نہیں ہوگا جہاں بھی ہوگا ہم اس کے سامنے کھڑے ہوں گے۔لاہور میں ایف جی اے چرچ میں کرسمس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ ہم کرسمس کی خوشیاں آپ کے ساتھ مل کر منائیں گے، آپ کی ہر خوشی ہر غم میں آپ کا یہ بھائی آپ کے ساتھ کھڑا ہے۔ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ میرے اوپر زیادہ لازم ہے، ہم کرسمس کو بھرپور طریقے سے منائیں گے، کرسچن کمیونٹی کی ہر خوشی اور غم میں ساتھ کھڑا ہوں،

کرسچن کمیونٹی نے دنیا کے بہترین فائٹر پائلٹ پیدا کیے، تمام کمیونٹیز اس ملک کیلئے کردار ادا کررہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ظلم، تشدد اور نفرت کے خلاف آواز اٹھانی چاہیے، پاکستان اللہ کی بہت بڑی نعمت ہے، ہمیں جو بھی نعمتیں حاصل ہیں وہ اس ملک کی بدولت ہیں، اس ملک میں اب تشدد اور انتشار نہیں ہوسکتا، جہاں بھی تشدد ور انتشار ہوگا ہم سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہوں گے۔عطاتارڑ کا کہنا تھا کہ یہ ملک ہے تو سیاستیں اور وزارتیں ہیں، ہم نے ملک کے مفاد میں چیزوں کو آگے لے کر چلنا ہے، بیرونی سرمایہ کاری بڑھ رہی ہے، انٹرسٹ ریٹ 15 فیصد اور مہنگائی 4.8 فیصد پر ہے، مہنگائی 2018 کے بعد سب سے کم سطح پر پہنچی ہے۔لیگی رہنما نے کہا کہ عوام نے نافرمانی اور تشدد کی سیاست کو رد کر دیا ہے، جھوٹا بیانیہ بنایا جارہا ہے، لاشوں کی سیاست کی جارہی ہے، پوچھنا چاہتا ہوں بھاگے کیوں؟ کھڑے رہتے، تم بچپن سے ہی نافرمان تھے، تم سول نافرمانی کرو یا جو دل چاہے یہ تمہاری اپنی مرضی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ لوگ مسائل کا حل چاہتے ہیں، لوگ یہ نہیں چاہتے کہ دھرنے شروع کردو، اب تم جو مرضی کرلو اب دال نہیں گلنے والی،تم دم دبا کر بھاگے ہو، انہوں نے کہاکہ لطیف کھوسہ نے 278 لاشوں کی بات کی ان کے گھر سے لاشیں اکٹھی کریں،لطیف کھوسہ کو اب آرام کرنا چاہیے،ان کی سیاست کی عمر نہیں رہی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ لاشوں کی سیاست کر رہے ہیں، اصل ویڈیو سامنے لے آتے تو جھوٹی غزہ اور فلسطین کی ویڈیوز کا سہارا نہ لینا پڑتا، یہ انتشار چاہتے ہیں جس کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی، دہشتگردی کے خلاف نیشنل ایکشن پلان پر عمل ہو رہا ہے۔عطاتارڑ کا مزید کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا حکومت صوبے میں امن و امان کے معاملے پر سنجیدہ نہیں،کرم میں لاشیں گریں دیگر معاملات ہوئے، کے پی حکومت کی امن وامان کی طرف توجہ نہیں ہے، یہ جھوٹے بیانیے پر سارا پیسہ لگا رہے ہیں، دہشتگردی کے خلاف جو کچھ ہوسکا وفاقی حکومت کرے گی۔