وزیراعظم سے چیئرمین پی سی بی کی ملاقات ،چیمپئنز ٹرافی پر ہو نیوالے پیشرفت سے آگاہ کیا


اسلام آباد (صباح نیوز)وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے وفاقی وزیر داخلہ و چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے ملاقات کی ہے ،چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے وزیراعظم کو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کی پیشرفت کے حوالے سے آگاہ کیا،

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے چیمپئنز ٹرافی  سے متعلق چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے اصولی موقف کو سراہا۔وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے حوالے سے  چیئرمین پی سی بی محسن نقوی  پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ سے متعلق آپ کا موقف ہر پاکستانی کے دل کی آواز ہے، آئی سی سی میں آپ نے پاکستان کے 24 کروڑ عوام کی ترجمانی کی،

پاکستان کی عزت سب سے پہلے ہے اور اس کے بعد کچھ اور ہے۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پی سی بی پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے انعقاد کیلئے مکمل طور پر تیار ہے، ہم پاکستان اور کرکٹ کی جیت چاہتے ہیں، انشااللہ چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے اچھی خبر سامنے آئے گی۔