نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی بلاول بھٹو سے ملاقات،تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی

اسلام آباد(صباح نیوز) نائب وزیراعظم اسحاق ڈار  نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو سے ملاقات کی۔ نجی ٹی وی کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے بلاول بھٹو سے ملاقات کے لیے رابطہ کیا تھا۔ انہوں نے بلاول کو ایک بار پھر تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ اسحاق ڈار نے کوآرڈینیشن کمیٹیوں کی جلد ملاقات کی یقین دہانی کرائی جس پر بلاول نے ایک اور موقع دینے پر آمادگی ظاہر کردی۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ حکومت پیپلزپارٹی کے صبر کا مزید امتحان نہ لے، حکومت پیپلزپارٹی کے تحفظات اور شکایات کو فوری دور کرے۔ بلاول بھٹو نے اسحاق ڈار سے مکالمہ کیا کہ مجھ پر اپنی جماعت کا شدید دبائو ہے۔ حکومت کوآرڈینیشن کمیٹیوں کی ملاقات کا شوق پورا کرلے اس کی ناکامی پر وزیراعظم سے بات کروں گا۔ نجی ٹی وی کے مطابق حکومت اور پی پی کی کورآرڈینیشن کمیٹیوں کی ملاقات تاحال طے نہیں ہوئی۔