کوئٹہ(صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی بلوچستان ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمان بلوچ ،جنرل سیکرٹری مرتضیٰ خان کاکڑ، نائب امراء عبدالمتین اخوندزادہ ،مولانا عبدالکبیر شاکر ،جماعت اسلامی کوئٹہ کے امیر عبدالنعیم رند،اسلامی جمعیت بلوچستان کے ناظم بہادر خان کاکڑ،دلاورخان کاکڑ،اعجازمحبوب نے ژوب ڈگری کالج میں اسلامی جمعیت طلباء کے نہتے کارکنان پر پی ایس او خوشحال کاکڑگروپ کے شدت پسند کار کنوں کے چاقو،کلیپ ، حملہ کرکے 4 طلباء کو شدیدزخمی کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ تعلیمی ادارے غنڈہ گردی بدمعاشی بے مقصدیت کی جگہ نہیں بلکہ تعلیم وتربیت کی جگہ ہے ۔حکومت انتظامیہ وپولیس کاروائی کرتے ہوئے تعلیمی اداروں میں دہشت گردی کرنے والوں کو گرفتار کرکے قانونی کاروائی کریں ۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے ٹراماسینٹر سول ہسپتال میں ژوب سے لائے گیے اسلامی جمعیت طلباء کے زخمی کارکنان کی عیادت کرتے ہوئے کیا انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی اورکہاکہ پرامن تعلیمی ماحول طلباء کی ضرور ت ہے پرامن حالات کو خراب کرنے کی اجازت کسی کو نہیں دیں گے اگر انتظامیہ ،حکومت نے فوری کاروائی نہیں کی تو ہم احتجاج کریں گے ،شدت پسند گروپ تعلیمی اداروں کے ماحول میں نفرت تعصب کابیج بونا چاہتے ہیںہم اس بزدلانہ سوچ کے خلاف ہے تعلیمی اداروں میں کلاشنکوف ،منشیات کلچر اورتعصب ،لسانیت ،فرقہ واریت کے خلاف ہیں اسلامی جمعیت طلباء ملک کی سب سے بڑی منظم طلباء تنظیم ہے جو تعلیمی اداروں میں طلباء کی مفت تعلیمی معاونت ،تربیت ،مدداورطلباء برادری کے درمیان اتحاد ویکجہتی کیلئے کام کر رہی ہے اسلامی جمعیت طلباء کی مثبت تعلیمی سرگرمیوں اورکامیابیوں سے مرعوب ہونے والے اب لسانیت ،نفرت کے بیج بونے پر اتر آئے ہیں جس کی ہم مذمت کرتے ہیں #