کراچی(صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا کہ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے ، کراچی ترقی کرتا ہے تو پورا ملک ترقی کرتا ہے ، پیپلزپارٹی گزشتہ 16سال سے صوبہ سندھ پر قابض ہے اس نے کراچی کو ہمیشہ سے نظر انداز کیا ہے ،کراچی کی تباہی و بربادی کی ذمہ داری براہ راست پیپلزپارٹی پر عائد ہوتی ہے ، بڑے بڑے صنعتی ادارے کراچی سے دوسرے صوبوں میں منتقل ہوگئے ہیں ، آج کراچی کا انفرااسٹرکچر تباہ حال ہے ، صنعتوں کے لیے مواقع نہیں ہیں ،اگر کراچی کا انفرااسٹرکچر ٹھیک کردیا جائے ،کراچی میں صنعتوں کو بنیادی سہولیات دی جائیں تو یہی انڈسٹری مزید کام کر کے ملک کوترقی کی راہ پرگامزن کرسکتی ہیں ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آر ایف ایونٹس کے زیر اہتمام ایکسپو سینٹرکراچی میں جاری تین روزہ فرنیچراینڈ لیونگ نمائش کے دوسرے روز بطور مہمان خصوصی شرکت ،نمائش کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سی ای او (آر ایف)ایونٹس ڈاکٹر نازش فیصل،ڈپٹی پارلیمانی لیڈرسٹی کونسل قاضی صدرالدین،ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات صہیب احمدودیگر بھی موجود تھے۔
منعم ظفر خان نے کہاکہ پاکستانی فرنیچر مارکیٹ سے وابستہ افراد اور انڈسٹریز کے ملازمین خوبصورت ڈیزائن بناتے ہیں ، ہمارا مطالبہ ہے کہ فرنیچرز انڈسٹری کے لیے ایکسپورٹ کے مواقع بڑھائے جائیں تاکہ ملک کی ایکسپورٹ میں اضافہ ہواور ملک ترقی کرسکے ۔گئے گزرے حالات میں بھی فرنیچر انڈسٹری میں ایکسپورٹ قابل ذکر حصہ ادا کررہی ہے لیکن اگر فرنیچر انڈسٹری کے ساتھ حکومت تعاون کرے گی تو ایکسپورٹ میں مزید اضافہ ہوگا۔انہوںنے مزیدکہاکہ پاکستان کی فرنیچر انڈسٹری میں بڑا پوٹینشل موجود ہے ، ایکسپو سینٹر میں فرنیچرز کے بہترین ڈیزائن رکھے گئے ہیں ،اس وقت پاکستان میں صنعتیں مسائل سے دوچار ہیں ، توانائی کی بنیادی سہولیات میسر نہیں ہے ، کراچی میں بجلی اور گیس کے مسائل سمیت بنیادی انفرااسٹرکچرز موجود نہیں ہے ایسے حالات میں فرنیچراینڈ لیونگ نمائش کے انعقاد پر ہم منتظمین کو مبارکباد پیش کرتے ہیں ۔