چارلس نہ جارج، ’محمد‘ برطانیہ میں سب سے مقبول نام

سنہ 2023 میں ’محمد‘ وہ نام تھا کہ جسے انگلینڈ اور ویلز میں رہنے والوں نے سب سے زیادہ پسند کیا اور اپنے بچوں کے ناموں کے لیے چُنا۔ اس نام کے ساتھ 4،600 سے زیادہ بچے رجسٹر ہوئے۔

برطانیہ کے دفتر برائے قومی شماریات (او این ایس) کے مطابق سنہ 2016 سے بچوں کے لیے چُنے جانے والے ناموں کی سرفہرست میں ابتدائی دس ناموں میں محمد شامل ہے، لیکن اب اس نام نے اس سے قبل سب سے پسندیدہ نام ’نوح‘ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

تاہم انگلینڈ کے تین علاقے اب بھی ایسے ہیں کہ جہاں یہ نام یعنی ’محمد‘ پسندیدہ ترین ناموں کی فہرست کے ابتدائی 10 ناموں میں موجود نہیں ہے۔

انگلینڈ اور ویلز میں ’محمد‘ نام کے انگریزی میں سپیلنگ یا ہجے میں بھی فرق موجود ہے تاہم اس نام کے دو سپیلنگز ایسے ہیں کہ جو ٹاپ 100 کی فہرست میں شامل ہیں۔

او این ایس ہر ہجے کو ایک الگ نام کے طور پر دیکھتا ہے جس میں پچھلے سالوں میں محمد کی مختلف شکلیں مقبول ثابت ہوئیں۔

(واضح رہے کہ انگلینڈ اور ویلز میں ’محمد‘ نام کے انگریزی میں ہجے یا سپیلنگز Muhammad, Mohammad اور Mohammed لکھے جاتے ہیں۔)

 

یہ تو ہوئی بچوں یعنی لڑکوں کے ناموں کی تو لڑکیوں یا بچیوں کے ناموں میں سب سے پسندیدہ ترین نام ’اولیویا‘ ہے اور انگلینڈ اور ویلز میں زیادہ تر لوگ اپنی بچیوں کے لیے اسی نام کا انتخاب کرتے ہیں۔

اولیویا کے بعد امیلیا اور اسلا وہ نام ہیں جو زیادہ پسند کیے جاتے ہیں۔ یہ پسندیدہ ترین ناموں کی فہرست میں پہلے دوسرے اور تیسرے نمبر ہیں کہ جو سنہ 2022 کے بعد سے تبدیل نہیں ہوئے۔

گزشتہ سال لڑکیوں کے لیے ہائیفینیٹڈ ناموں کی مقبولیت میں اضافہ ہوا اور یہ تعداد 19,140 سے زیادہ رہی جو ایک سال قبل 12,330 تھی۔

name

،تصویر کا ذریعہGetty Images

بی بی سی اردو کی خبروں اور فیچرز کو اپنے فون پر حاصل کریں اور سب سے پہلے جانیں پاکستان اور دنیا بھر سے ان کہانیوں کے بارے میں جو آپ کے لیے معنی رکھتی ہیں

سبسکرائب کرنے کے لیے کلک کریں

مواد پر جائیں

لڑکیوں کے پسندیدہ ترین 100 ناموں کی فہرست میں لیلا، رایا اور ہیزل شامل ہیں جبکہ جیکس، اینزو اور بودھی نے لڑکوں کے پسندیدہ ترین 100 ناموں کی فہرست میں جگہ بنائی ہے۔

2023 میں مائلی، ریحانہ، کینڈرک اور ایلٹن جیسے فنکاروں کے نام بھی کافی مقبول ہوئے اور ایسے لوگوں کی بڑی تعداد سامنے آئی جنھوں نے اپنے بچوں کے ناموں کے لیے ان ناموں کا انتخاب کیا۔ او این ایس کا کہنا ہے کہ اس کی وجہ ممکنہ طور پر مائلی سائرس، کینڈرک لامر، ایلٹن جان اور ریحانہ کی البم ریلیز، ٹورنگ یا ہائی پروفائل پرفارمنس تھی۔

تاہم کُچھ لوگوں نے تو ہفتے کے دنوں کے ناموں پر بھی اپنے بچوں کے نام رکھے ہیں اور والدین کی جانب سے سب سے زیادہ پسند کیے جانے والے ناموں میں ’سنڈے‘ یعنی اتوار اور ’وینزڈے‘ یعنی بدھ شامل ہیں جن کی مقبولیت میں پچھلے سال اضافہ ہوا۔

او این ایس کا کہنا ہے کہ وینزڈے یعنی بدھ کے نام کی مقبولیت کی ایک وجہ نیٹ فلکس سیریز بھی ہو سکتی ہے جو 2022 کے آخر میں جاری کیا گیا تھا۔

اب انگلینڈ اور ویلز میں بچوں کے ناموں کا معاملہ ہفتے کے دنوں کے ناموں تک ہی محدود نہیں رہتا بلکہ یہ آگے بڑھتے بڑھتے جا پہنچتا ہے موسموں کے ناموں تک جن میں ’آٹم‘ یعنی خزاں پسندیدہ ناموں کی جاری فہرست میں 96ویں اور ’سمر‘ یعنی موسمِ گرما 86 ویں نمبر پر ہے۔

مگر یہاں قابلِ غور بات یہ ہے کہ بچوں کے ناموں کے لیے والدین نے سنہ 2023 میں شاہی خاندان کے افراد کے ناموں میں کوئی خاص دلچسپی نہیں دکھائی۔

جارج، آرچی، ہیری اور شارلٹ حالیہ برسوں میں الزبتھ اور چارلس کی طرح کم مقبول ہوئے ہیں۔

بشکریہ:بی بی سی اردو