سی ڈی اے مزدور یونین نے ہمیشہ ادارے سے انتقام کی سیاست کو دفن کر کے پیارومحبت کو رواج دیا ۔چوہدری محمد یٰسین

اسلام آباد (صباح نیوز)سی بی اے کمیٹی سینی ٹیشن ڈائریکٹوریٹ کے زیر اہتمام شمولیتی جلسہ سیکٹرG-6میں منعقدہوا جس میں کلیم اللہ زمری کی سربراہی میں شہبازمسیح،بشیر مسیح ،جبران کھوکھر،سلیم خان زمری،فیصل مسیح،عمانوئیل مسیح،قیصرزمری،شہباززمری،تیمورشاہ،فضل الدین زمری،سرورزمری اور جی الیون کے تمام ورکرزنے امان اللہ اور پاشاگروپ کو چھوڑ کر سی ڈی اے مزدور یونین (چوہدری محمد یٰسین گروپ) میں شمولیت کا اعلان کیا ،

اس موقع پر نئے شامل ہونے والے ساتھیوں نے کہا کہ سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین انٹرنیشنل لیڈرہیں جنکی پہچان بین الاقوامی سطح پرہے اور ہم سی ڈی اے مزدور یونین کی ملازمین کے لیے خدمات اور انکی کارکردگی سے متاثرہو کر شمولیت کااعلان کرتے ہیں اور آنے والے ریفرنڈم میں سی ڈی اے مزدور یونین کو بھاری اکثریت سے کامیاب کروائیں گے،

تقریب میں سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین نے نئے شامل ہونے والے ملازمین کو خوش آمد ید کرتے ہوئے کہا کہ سی ڈی اے مزدور یونین نے ہمیشہ ملازمین کی بلاتفریق خدمت کی ہے اور ادارے سے انتقام کی سیاست کو دفن کرکے بھائی چارے اور پیار ومحبت کو رواج دیا ہے ،ہم نے جہاں اپنے مسلم ملازمین کو مراعات دلوائیں وہاں اپنے مسیحی برادری کے ملازمین کے لیے بھی ان کے مذہبی تہواروں کو عیدبونس الائونس دلوایا اور اس کے ساتھ ساتھ مسیحی ملازمین کو انکے مذہبی مقام ویٹی کن سٹی بھیجوانے سمیت دیگرمراعات دلوائیں ،ادارے میںسات ہزارملازمین کو ٹائم سکیل دلوانے سمیت ہزاروں ملازمین کی پروموشن کروائی اور فیلڈسٹاف جن کی لائن آف پروموشن نہیں تھی ان کے لیے لائن آف پروموشن کی سمری بورڈ سے منظوری کروائی جس سے سینی ٹیشن ڈائریکٹوریٹ میں کام کرنے والے میٹ بطور سپروائزرترقی حاصل کرسکیں گے اور سینی ٹیشن ڈائریکٹوریٹ کے باقی ماندہ مسائل بائیومیٹرک حاضری،ملازمین کی تنخواہوں میں بلاجوازکٹوتی اور اہم سیکٹرزمیں افرادی قوت کی کمی جیسے مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کروائیں گے ،

انھوں نے کہا کہ سی ڈی اے مزدور یونین ہر لمحہ ملازمین کے بہترمستقبل کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے لیکن دوسری طرف ہمارے مخالفین اپنی روزی روٹی کے چکر میں ملازمین کے مستقبل سے کھیل رہے ہیں لیکن سی ڈی اے کے باشعورملازمین ان کے جھانسے میں نہیں آئیں گے اور ریفرنڈم میں عبرت ناک شکست سے دوچارکریں گے ۔