حکومت میڈیا کے حوالے سے قانون سازی کرتے وقت سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے،سی پی این ای


کراچی (صباح نیوز)کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز(سی پی این ای)نے پیکا ایکٹ 2016 میں نئی ترامیم اورمجوزہ طور پرایک ادارے ڈیجیٹل رائٹس پروٹیکشن اتھارٹی (ڈی آر پی اے) کے قیام سے متعلق خبروں پرتحفظات کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ میڈیا کے حوالے سے کوئی بھی قانون سازی کرتے وقت سی پی این ای سمیت تمام سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے اور ان کی مشاورت ہی سے تمام فیصلے کیے جائیں۔

سی پی این ای نے ایک بیان میں کہا کہ بے شک قانون سازی پارلیمانی اداروں کا حق ہے لیکن قانون سازی کے عمل میں متعلقہ اداروں کی رائے لینا جمہوریت کا اولین تقاضا ہے۔سی پی این ای نے مزید کہا کہ ہمیں امید ہے کہ عوام کے ووٹ سے منتخب موجودہ حکومت میڈیاسے متعلق تمام فیصلے اسٹیک ہولڈرز کو آن بورڈ لے کرہی کرے گی۔