حکومت گلگت بلتستان مولانا عبدالمنان کومجاہد اوّل ڈیکلیئرکرکے نوٹیفیکیشن جاری کرے، ڈاکٹر محمد مشتاق


گلگت(صباح نیوز)جماعت اسلامی گلگت بلتستان کے ا میر ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے کہاہے کہ تحریک آزادی گلگت بلتستان کے مجاہد اول مولانا عبدلمنان کی جاں گسل جدوجہد کے باعث آج پوری قوم آزادی کی نعمت سے مستفید ہورہی ہے،حکومت گلگت بلتستان مولانا عبدالمنان کومجاہد اول ڈیکلرکرکے نوٹیفیکیشن جاری کرے،گلگت بلتستان کی آزادی کے ہیروز پوری قوم کے ہیروز ہیں،جو قومیں اپنی اسلاف کی قربانیوں کو بھلادیتی ہیں وہ آزادی کا جواز کھودیتی ہیں،ریاست کا ایک بڑا حصہ ابھی تک دشمن کے قابضے میں ہے اس کی آزادی کے لیے جدوجہد کرنا ہم سب پر فرض ہے،مولانا عبدالمنان کی سیاسی سماجی اور دینی خدمت پوری قوم تادیر یاد رکھے گی،ان خیالات کااظہارانھوں نے مولاناعبدالمنان کی یادمیں منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا

اس موقع پرامیر جماعت اسلامی جی بی مولانا تنویر حیدری،مشتاق احمد ایڈووکیٹ،مولانا عبدالسمیع،صدر جمعیت اتحاد علماء جی بی،عدنان صدر تحریک بیدار ی ملت،مولانا مرزا علی صدر ملی یکجہتی کونسل جی بی ،مولانا سید جلال مجیب الرحمان ،مولانا امیر جان حقانی سے سمیت دیگر قائدین نے خطا ب کیا،قائدین نے مولانا عبدالمنان مرحوم کی خدمات کی تحسین کی اور کہاکہ مولانا نے سب سے پہلے آزادی کی اسلامی حیثیت معلوم کرنے کے لیے فتویٰ لیا اور پورم قوم کو یکسو کیا،

مولانا عبدلمنان جماعت اسلامی گلگت بلتستان کے بانی ہیں،مولانا مرحوم جماعت اسلامی پاکستان کے بانی سید مودودی علیہ رحمت سے براہ راست فیض حاصل کرتے رہے ہیں سید مودودی علیہ رحمت کی عصری مجلسوںمیں شریک رہے ہیں،گلگت بلتستان جیسے دوردازعلاقے میں عوام کی خدمت کرنا ا ن کو دین کے ساتھ وابستہ کرنا تاریخی خدمت ہے،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹرمحمدمشتاق خا ن نے کہاکہ مولانا کو خراج تحسین پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہی ہے کہ مولانا کے مشن کے ساتھ شامل ہوکردین کے غلبے کی جدوجہد کرنا چاہیے ۔مولانا ریاست کے آزاد خطوںکو دین کا غلبہ چاہتے تھے،بقیہ کشمیرکی آزادی چاہتے تھے۔