مظفرآباد(صباح نیوز)سپریم کورٹ آزادکشمیر صدارتی آرڈیننس اور چیئرمین احتساب بیورو کی تقرری کے حوالے سے ہائیکورٹ کے فیصلوں کیخلاف اپیلوں کی سماعت کل کریگی۔
چیئرمین احتساب بیورو مشتاق احمد جنجوعہ نے متوقع فیصلہ سے قبل ہی استعفیٰ دیدیا۔ صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے استعفیٰ فوری منظور کرلیا۔ اہم حلقوں کی نظریں سپریم کورٹ پر جم گئیں۔ تفصیلات کے مطابق پیس فل اسمبلی اینڈ پبلک آرڈر آرڈیننس 2024 ء جو نہایت متنازعہ بن چکا ہے جبکہ ہائیکورٹ نے اس حوالے سے دائر رٹ ہا کو خارج کردیا تھا ۔
وکلا نے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی تھی جس کی سماعت 6 دسمبر مقرر تھی تاہم عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے 5 دسمبر سے ریاست گیر مکمل شٹر ڈاؤن کی کال دی گئی تھی ۔نازک صورتحال کو دیکھتے ہوئے چیف جسٹس نے صدارتی آرڈیننس اور چیئرمین احتساب بیورو کی تقرری جیسے دو اہم کیسز کی سماعت کیلئے آج (منگل) مقرر کردی۔ بار کونسل اور دیگر وکلاء کی اپیلوں کی سماعت 6 دسمبر کے بجائے اب آج ہوگی۔ چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس راجہ سعید اکرم کی سربراہی میں فل کورٹ تشکیل دی گئی ہے۔جسٹس خواجہ نسیم اور جسٹس رضا علی خان بینچ میں شامل ہیں۔وکلاء کی جانب سے راجہ سجاد خان جبکہ بار کونسل کی جانب سے راجہ امجد علی خان ایڈووکیٹ بحث کریں گے۔ چیئرمین احتساب بیورو کی تقرری کیخلاف سابق سینئر وزیر اور مسلم لیگی رہنما چوہدری طارق فاروق اور شاہد زمان اعوان کی جانب سے اپیل بھی سماعت کیلئے مقرر کر دی گئی ہے۔