چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد کی زیر صدارت اجلاس


اسلام آباد(صباح نیوز )چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی)سینیٹر روبینہ خالد نے بی آئی ایس پی ہیڈ کوارٹر میں اپنے دورہ لندن کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں دورہ لندن کے دوران ہونے والی اہم بات چیت پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا جہاں انہوں نے سیکرٹری بی آئی ایس پی عامر علی احمد کے ہمراہ مختلف اسٹیک ہولڈرز بشمول بل اینڈ میلنڈا گیٹس فانڈیشن (بی ایم جی ایف)، لائیو اینڈ لائیو ہڈز فنڈ (ایل ایل ایف)، اسلامی ترقیاتی بینک ، کارانداز اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے نمائندوں سے ملاقات کی۔اجلاس کے دوران سینیٹر روبینہ خالد نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ لندن میں مختلف اسٹیک ہولڈرز کیساتھ کی جانے والی اہم ملاقاتوں کا بنیادی مقصد بی آئی ایس پی مستحقین کی زندگیوں میں بہتری لانے کے لیے حکمت عملی اور باہمی تعاون کے مواقع پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ ایل ایل ایف اور بی ایم جی ایف کے خواتین کو بااختیار بنانے کے ونگ نے بی آئی ایس پی کے ساتھ سکل ٹریننگ کے اقدامات پر شراکت میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے۔

چیئرپرسن روبینہ خالد نے بی آئی ایس پی کے سینئر حکام کو ہدایت کی کہ وہ ایل ایل ایف، بی ایم جی ایف، اور انٹرنیشنل فنڈ فار ایگریکلچرل ڈویلپمنٹ (آئی ایف اے ڈی)کے ساتھ ممکنہ تعاون کے بارے میں پلان تیار کریں جس میں بی آئی ایس پی کے مستحقین کی مدد کے لیے اپنے مالی اور تکنیکی وسائل کو ہم آہنگ کرنے کی ضرورت پر زور دیا جائے۔ سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ کہ ہمارے پاس مواقع موجود ہیں، ہمیں اپنے مستحقین کی مزید مدد کے لیے ان کو مثر طریقے سے استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ان اقدامات پر مسلسل پیش رفت کو یقینی بنانے کے لیے ہر 15 روز بعد اجلاس منعقد کرنے کی بھی ہدایت کی۔