چارسدہ (صباح نیوز )عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے صدر ایمل ولی نے پاکستان تحریک انصاف پر پابندی کی حمایت کردی۔ چارسدہ میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایمل ولی کا کہنا تھاکہ پی ٹی آئی پر پابندی کو سپورٹ کرتے ہیں، پی ٹی آئی غیر جمہوری رویہ رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی اور 24 نومبر کے واقعات پابندی کا بہترین جواز ہیں۔ ایمل ولی کا کہنا تھاکہ گورنر راج مسئلے کا حل نہیں، گورنر راج سے صرف انا اور ضد پوری ہو جائے گی۔ نہوں نے کہاکہ وزیراعظم اسٹیک ہولڈرکیساتھ مشاورت کے بعدگورنر راج کافیصلہ کریں گے۔
پریس کانفرنس سے خطاب میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھاکہ اس وقت صوبے میں آگ لگی ہے لیکن صوبائی حکومت اسلام آباد میں آگ لگانے گئی۔ انہوں نے کہا کہ امن وامان اور صوبائی حکومت متعلق تمام سیاسی پارٹیوں سے مشاورت کررہے ہیں، صوبائی حکومت بانی کو چھڑوانے کیلئے اسلام آباد پرچڑھائی کررہی ہے، احتجاج میں پی ٹی آئی کا کوئی لیڈر نہیں پکڑا گیا اور پنجاب سے کوئی نہیں نکلا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ 5 دسمبر کو آل پارٹیز کانفرنس کرنے جارہے ہیں، صوبے کو دہشت گردوں کے حوالے کیاگیا، امن وامان سے متعلق وفاقی حکومت سے بھی بات کریں گے۔ نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمدسے امن قائم ہوگا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان اسمبلی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر پابندی لگانے سے متعلق قرارداد منظور کی تھی جبکہ پنجاب اسمبلی میں پی ٹی آئی پر پابندی کی قرارداد جمع کرائی گئی ہے۔ اس کے علاوہ سابق وفاقی وزیر و سینیٹر فیصل واوڈا بھی دعوی کرچکے ہیں کہ پی ٹی آئی پر پابندی لگنے والی ہے۔